Friday, May 10, 2024

پی آئی سی واقعہ ، ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کی درخواست ضمانت پر سماعت سے معذرت

پی آئی سی واقعہ ، ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کی درخواست ضمانت پر سماعت سے معذرت
December 16, 2019
لاہور ( 92 نیوز) لاہورہائیکورٹ کے دورکنی بینچ نے پی آئی سی حملہ میں وکلا کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت سے معذرت کرلی،درخواستیں چیف جسٹس کوبھجوادی گئیں۔ جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس انوار الحق پنوں پر مشتمل دو رکنی بینچ نےتین  درخواستوں پر سماعت کی ، بینچ  نے درخواستوں پرسماعت سے معذرت کرتے ہوئے یہ درخواستیں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوادیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ درخواستیں سماعت کیلئے کسی دوسرے بینچ کے روبرو لگائیں گے ، عدالت نے سی سی پی او لاہور کوپی آئی سی حملہ کیس کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے ، درخواستوں میں صوبائی حکومت اور آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریقین بنایا گیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں درخواست وکیل اعجاز نے ایڈووکیٹ اللہ یار سپرا کے توسط سے دائر کی ۔ درخواست گزارنے مؤقف اختیارکیا ہے کہ لاہور کے مختلف تھانوں کی پولیس نے وکلاء کو ان دفتروں اور گھروں سے گرفتار کیا،پولیس اہلکار اپنے دفاتر میں کام کرنے والے وکلاء کو گرفتار کرکے رقم بھی ساتھ لے گئے۔ درخواست میں کہا گیا کہ  پولیس حراست میں وکلاء کی جان کو خطرہ لاحق ہے،عدالت وکلاء کی بازیابی کا حکم دے ، عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ گرفتاروکلاء کا میڈیکل کرانے کا حکم دیاجائے۔ جسٹس علی باقر نجفی نے صدرلاہور ہائی کورٹ بار کو اپنے چیمبر میں طلب کیا،بارکے صدرنے کیس منتقل کرنے کی استدعا کی ، دورکنی بنچ نے ہائی کورٹ بار کی استدعا  پر کیس واپس چیف  جسٹس  کو بھجوایا ۔