Tuesday, April 23, 2024

پی آئی سی معاملے پر کالے کوٹ کی عزت کےلیے سینئر وکلا میدان میں آگئے

پی  آئی سی معاملے پر کالے کوٹ کی عزت کےلیے سینئر وکلا میدان میں آگئے
December 17, 2019
 لاہور (92 نیوز) پی آئی سی معاملے پر کالے کوٹ کی عزت کے لیے سینئر وکلا میدان میں آگئے اور حملے کی مذمت کر دی۔ سپریم کورٹ کے سینئر ترین وکیل عابد حسن منٹو سمیت 56 سینئر وکلاء نے پاکستان بار کونسل کو کھلا خط لکھ دیا۔ خط میں وکلاء کے پیشے کی عزت و تکریم بحال کرنے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے سینئر وکلاء نے  مطالبہ کیا کہ پروفیشن میں موجود مس کنڈکٹ کرنیوالے وکلاء کے طرز عمل پر معذرت خواہ ہونے کی بجائے انکے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ خط میں پی آئی سی معاملے پر قانون کیخلاف ورزی کرنیوالے والوں کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ خط میں ملزمان کو آئین میں دیئے گئے حقوق کا تحفظ اور بےجا رعائت نہ دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ خط میں مطالبہ کیا گیا کہ وکلاء کی سپریم باڈی ہونے کی حیثیت سے پاکستان بار کونسل ملوث وکلاء کیخلاف سخت کارروائی کرے۔ خط کے متن کے مطابق ہم سینئر وکلاء وکلاء برادری کی جانب سے پی آئی سی حملے کی مذمت کرتے ہیں، وجوہات کچھ بھی ہوں وکالت کرنیوالوں کی طرف سے پی آئی سی پر حملہ ناقابل فہم اور قابل مذمت ہے۔ خط میں کہا گیا پی آئی سی حملے سے فوری خود احتسابی کے عمل کی ضرورت سامنے آئی ہے۔ وکلاء ہجوم نہیں بلکہ آئین و قانون پر عمل کرنیوالی برادری ہے۔ بار کونسلز اور بار ایسوسی کی آئے روز کی ہڑتال سے ہمیں اور سائلین کو اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اپنے آئینی حق کیلئے عدالتی بائیکاٹ کر کے سائلین کے بنیادی حقوق سلب نہیں کئے جا سکتے۔ سپریم کورٹ کے وکلاء ڈاکٹر پرویز حسن، عزیر کرامت بھنڈاری، علی سبطین فضلی خط لکھنے والوں میں شامل ہیں۔ سلمان اکرم راجہ، مخدوم علی خان، تفضل رضوی سمیت ملک بھر کے 56 سینئر وکلاء بھی خط لکھنے والوں میں شامل ہیں۔