Friday, May 10, 2024

پی آئی سی حملے میں گرفتار 25 وکلاء کی ضمانت منظور

پی آئی سی حملے میں گرفتار 25 وکلاء کی ضمانت منظور
December 24, 2019
 لاہور (92 نیوز) پی آئی سی پر حملے سے متعلق کیس کی سماعت میں انسداد دہشت گردی عدالت نے گرفتار 25 وکلاء کی ضمانت منظور کر لی۔ ایک ، ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم بھی دے دیا گیا۔ پی آئی سی میں ایک وکیل پر ہونے والے تشدد نے وکلاء اور ڈاکٹروں کی انا کی جنگ کو خطرناک موڑ دیا تھا ،  مصالحت کے لئے فریقین کے کئی اجلاس ہوئے اور پھر  پی آئی سی کے ڈاکٹر عرفان کی وکلاء  کا مذاق اڑانے پر مبنی  ویڈیو  نے جلتی پر تیل کا کام کیا تھا ۔ ڈاکٹر عرفان کی تضحیک آمیز ویڈیو پر وکلاء  بڑی تعداد میں پی آئی سی پر حملہ آور ہو گئے تھے اور پھر  دروازے توڑ کر پی آئی سی میں گھس گئے ، پھر جس کے ہاتھ جو آیا اس نے وہ توڑ دیا تھا۔ وکلاء کے حملے سے ڈاکٹرز اور نرسیں ڈر کر بھاگ گئیں تھیں ، مریض بے یار و مدد گار رہے ، پولیس کی جانب سے وکلاء کو منتشر کرنے کیلئے  دل کے اسپتال کے قریب آنسو گیس کی شیلنگ  کی گئی تھی ۔ وکلاء کی جانب سے توڑ  پھوڑ کے ساتھ ساتھ ایک پولیس موبائل وین جلائی گئی جب کہ وکلاء کی ہوائی فائرنگ کی ویڈیوز بھی  میڈیا کی زینت بنیں۔ حالات بگڑنے پر پولیس نے  کئی وکلاء کو گرفتار  کیا تھا ۔