Friday, May 17, 2024

پی آئی سی حملہ، لاہور ہائیکورٹ نے وکلاء ضمانتوں کیس میں مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا

پی آئی سی حملہ، لاہور ہائیکورٹ نے وکلاء ضمانتوں کیس میں مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا
December 13, 2019
لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں وکلاء کی ضمانتوں کے کیس کی سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔ عدالت نے وکلاء کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔ جسٹس علی باقر نجفی نے اسپتال پر حملے پر برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی جرات کیسے ہوئی اسپتال پر حملہ کرتے ، وکلاءکے وکیل اعظم نزیر تارڑ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ کے پروفیشن میں کالی بھیڑیں ہیں ،آپ اس کو وقوعہ کہتے ہیں؟ ۔آپ کو اندازہ نہیں ہم کس دکھ میں ہیں، بڑی مشکل سے اس کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔ جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیئے یہ بتائیں ایک درخواست میں 2 ایف آئی آرز کو کیسے خارج کیا جا سکتا ہے؟ ۔عدالت نے درخواستوں پر عائد اعتراضات ختم کر دیئے۔عدالت نے مقدمات میں نامزد نہ کئے گئے وکلاءکی بازیابی کی درخواست پر سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے استفسار کیا کہ بتائیں ان وکلاء کو مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے؟۔جس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے موقف میں کہا کہ 16 دسمبر کو رپورٹ پیش کر دیں گے، مہلت دی جائے۔ لاہور ہائیکورٹ نے وکلاء کی گرفتاریوں کے خلاف درخواست کا تحریری حکم نامہ جاری اور مقدمات کا ریکارڈطلب کرتے ہوئے سماعت 16دسمبر تک ملتوی کردی۔