Tuesday, April 23, 2024

پی آئی اے کے جہازوں میں وائی فائی اور بہتر سیٹوں کیلئے ساڑھے چار ارب منظور

پی آئی اے کے جہازوں میں وائی فائی اور بہتر سیٹوں کیلئے ساڑھے چار ارب منظور
December 19, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وفاقی حکومت نے نجکاری سے قبل پی آئی اے کو چار ارب چالیس کروڑ روپے کی مالی امداد جاری کردی۔ تاپی گیس پائپ لائن کی باقاعدہ تعمیر کی منظوری بھی دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی آئی اے کی نجکاری سے قبل اس کی حالت بہتر کرنے کے اقدامات شروع کردیے ہیں۔ پی آئی اے کے 777 بوئنگ جہازوں میں وائی فائی کی تنصیب اور سیٹوں کی بہتری کے لیے چار ارب چالیس کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔ منصوبے پر مجموعی طور پر 10 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔ گیس پائپ لائن کی باقاعدہ تعمیر فروری 2016ءمیں شروع ہوگی جبکہ منصوبہ 2019ءمیں مکمل ہوگا۔ ترکمانستان تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کے لیے بطور کنسورشیم سربراہ پچاسی فیصد سرمایہ کاری کرے گی جبکہ پاکستان منصوبے کے لیے 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ ترکمانستان سے افغانستان، پاکستان اور بھارت کو گیس فراہم کی جائے گی۔ منصوبے کے تحت 1800 کلومیٹر طویل گیس پائپ لائن تعمیر کی جائے گی۔ 33ارب کیوبک میٹر گیس میں سے پاکستان کو 14 ارب کیوبک میٹر گیس ملے گی۔ افغانستان کو 5 ارب جبکہ بھارت کو بھی 14 ارب کیوبک میٹر گیس دی جائے گی۔ تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ تین دیہایوں کیلئے ہو گا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک منصوبے کے لئے مرکزی سیکرٹریٹ کے فرائض انجام دے رہا ہے۔ وفاقی حکومت نے پاکستان مشین ٹول فیکٹری کے ملازمین کے لیے دو ماہ کی تنخواہیں جاری کرنے کے لیے چھ کروڑ چالیس لاکھ روپے کی بھی منظوری دے دی ہے۔