Monday, September 16, 2024

پی آئی اے کی ہڑتال کے دوران نجی کمپنیوں نے مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کیساتھ بدترین کارکردگی کا بھی خوب مظاہرہ کیا

پی آئی اے کی ہڑتال کے دوران نجی کمپنیوں نے مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کیساتھ بدترین کارکردگی کا بھی خوب مظاہرہ کیا
February 9, 2016
کراچی(92نیوز)جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کا نقصان تو ملک اور قوم کو خوب ہوا مگر اس ہڑتال کا کسی نے فائدہ اٹھایا تو وہ نجی ایئرلائنز تھیں جنہوں نے پی آئی اے کے فلائٹ آپریشن کی معطلی کو نعمت سمجھ کر بے چارے مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے نہ صرف لوٹا بلکہ اپنی بدترین کارکردگی کا بھی بھی دل کھول کر مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کےمطابق بدترین کارکردگی اور مسافروں سے نامناسب رویہ رکھنے میں نجی ائرلائنز میں شاہین ایئرلائن سب پر بازی لے گئی، شاہین ایئرلائن نے تو جیسے معمول سے کئی گنا زیادہ کرائے وصول کرنے اور فلائٹ بروقت آپریٹ نہ کرنے کی تو جیسے قسم کھا رکھی تھی پی آئی اے کے آٹھ روزسے معطل فلائٹ اپریشن کے دوران شاہین ایئر کی ایک پرواز بھی بروقت منزل پر نہ روانہ ہوسکی اور نہ بروقت منزل پر پہنچی مسافروں کے احتجاج یا اصرار پر وہ رویہ اختیار کیا جو شاید پاکستان ریلوے کا عملہ بھی اختیار نہیں کرتا یہ ہی جہاز کے اندر کی حالت بھی ریلوے کے تھرڈ کلاس ڈبوں سے بھی بدتر تھی۔ منگل کو شاہین ایئر کی کراچی تا لاہور پرواز این ایل ایک سو چوالیس کا مقررہ وقت شام پانچ بجے مقرر تھا جب مسافر ایئرپورٹ پہنچے تو عین پانچ بجے شاہین ائر کے عملہ نے بتایا کہ فنی وجوہات کی بنا پر فلائٹ شام سات بجے روانہ ہوگی پھر سات بجے یہ خوشخبری سنائی کے فلائٹ رات نو بجے روانہ ہوگی شاہین ایئر کی ان مہربانیوں پر جب مسافروں نے آواز احتجاج بلند کی تو بدتہذیب عملے نےٹکٹ منسوخ کرنے اور سیکیورٹی اہلکاروں کے حوالے کرنے کی دھمکیاں دیکر خاموش کرادیا مسافروں کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ من مانی کرنے والی نجی ایئرلائنز کو لگام ڈالی جائے جو موقع کا فائدہ اٹھا کر لوٹ مار شروع کردیتی ہیں ۔