Sunday, May 19, 2024

پی آئی اے کی سفاری فلائٹ میں عام مسافر سکردو ائیرپورٹ پر خوار ہوگئے

پی آئی اے کی سفاری فلائٹ میں عام مسافر سکردو ائیرپورٹ پر خوار ہوگئے
July 17, 2018
سکردو ( 92 نیوز ) پی آئی اے کی سفاری فلائٹ میں عام مسافرسکردو ایئرپورٹ پر خوار ہو گئے ، وی آئی پی فلائٹ میں من پسند مہمان کے ٹو اور نانگا پربت کا نظارہ کرتے رہےجبکہ عام مسافروں کو کئی گھنٹے لاؤنج میں انتظار کرنا پڑا۔ ڈی جی سول ایوی ایشن کی قیادت میں وی آئی پی مہمانوں کو سفاری فلائٹ کے بعد وی آئی پیز کولاؤنج میں پر تکلف ضیافت دی گئی ،  عام مسافر بھوکے پیاسے ریگولر فلائٹ کا انتظار کرتے رہے۔ خواتین مسافروں کو ٹوائلٹ استعمال کرنے سے بھی روک دیا۔ ناروا سلوک پر مسافر خاتون نے لاؤنج میں ہنگامہ کھڑا کر دیا ،  ڈی جی سول ایوی ایشن کو کھری کھری سنا دیں۔ خاتون کا کہناتھا کہ آپ مفت کی سیریں کرا رہے ہیں اور عام مسافر پیسے دیکر بھی سفر نہیں کر سکتے۔ احتجاجی مسافروں کی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی، نوبت ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔خاتون نے چیف جسٹس سے از خود نوٹس لینے کی درخواست کردی۔ سفاری فلائٹ میں سول ایوی ایشن کے اعلی افسران اورشو بز کے فنکار شامل ہیں ،  ڈی جی سول ایوی ایشن نے ملبہ پی آئی اے پر ڈال دیا۔ ڈی جی حسن بیگ کا کہناتھا کہ خاتون نے ان سے تکرار ضرور کی مگر سول ایوی ایشن کا معاملے سے تعلق نہیں  ، سفاری فلائٹ شروع کرنے  کیلئے ہدایت پی آئی اے کی جانب سے تھیں  ، ریگولر فلائٹ میں تاخیر سفاری کی وجہ سے نہیں بلکہ موسم کی خرابی کے باعث ہوئی۔ چیف جسٹس نے خبر کا نوٹس لیتے ہوئے  ڈی جی ہیومن رائٹس سیل کو حقائق معلوم کرنے کی ہدایت دےدی ، چیف جسٹس نے متعلقہ اتھارٹیز سے 48 گھنٹے میں رپورٹ بھی طلب کرلی ۔