Tuesday, April 16, 2024

پی آئی اے کی خصوصی پرواز ترکی میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر واپس روانہ

پی آئی اے کی خصوصی پرواز ترکی میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر واپس روانہ
April 3, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) پی آئی اے کی کینیڈا سے آنے والی خصوصی پرواز ترکی میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر واپس روانہ ہو گئی۔ استنبول میں پھنسے اوورسیز پاکستانی گزشتہ ایک ہفتے سے وطن جانے کیلئے بے تاب تھے لیکن پروازیں منسوخ ہونے کی وجہ سے وہ پھنس کررہ گئے۔ ان پاکستانیوں کی آواز 92 نیوز نے بلند کی اور درپیش مشکلات کو حکام بالا تک پہنچایا جس کے بعد پاکستانی سفارتخانہ حرکت میں آگیا۔ سفارتی عملے کے اہلکار ائیرپورٹ پہنچ گئے جہاں انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کی ہرممکن دلجوئی کی۔ سفارتخانے کی جانب سے بعد میں ائیرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کو بہترین ہوٹلز میں قیام وطعام کی سروس مہیا کی گئی۔ پاکستانی سفارتخانے نے ان پاکستانیوں کو کینیڈا سے آنے والی خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان بھیجا ائیرپورٹ پر پھنسے 198 پاکستانیوں میں سے چار افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا جنہیں ترکی میں روک کر فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پی آئی اے کا پوئنگ 777 جہاز صبح نو بجے پاکستانیوں کو لے کر وطن روانہ ہو گیا۔ روانگی سے پہلے اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستانی سفارتخانے اور 92 نیوز کی کاوشوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ جن پانچ اوورسیز پاکستانیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ان میں سے چار کا تعلق سوات سے ہے۔ متاثرین میں نیک رحمان ، احمد شاہ ، مشتاق علی ، وزیر دادا اور شعیب قریشی شامل ہیں ۔ ترکی میں کرونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں 2456 کا اضافہ ہوا ہے جس سے کل کیسز کی تعداد 18135 ہو گئی ہے جبکہ 79 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔