Friday, April 19, 2024

پی آئی اے کی بحالی کا پانچ سالہ بزنس پلان تیار

پی آئی اے کی بحالی کا پانچ سالہ بزنس پلان تیار
March 14, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) پی آئی اے کی بحالی کا پانچ سالہ بزنس پلان تیار کر لیا گیا۔ پلان کے مطابق  پی آئی اے  فلیٹ کو 32 سے بڑھا کر 50 کردیا جائیگا، گراؤنڈ جہازوں کو بھی آپریشنل کرنے کی تجویز شامل ہے ۔ پی آئی اے کے  آپریشنل اخراجات میں کمی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ،  پلان منظوری کیلئے کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔ باکمال لوگ ، لاجواب سروس کو 414 ارب روپے خسارے کا سامنا ہے ۔ ادارے پر 247 ارب 70 کروڑ کا قرضہ ہے جب کہ 114ارب 70 کروڑ بقایا جات کی مد میں واجب الادا ہے ۔ قومی ایئرلائن پی آئی اے کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنے کیلئے نئی حکمت عملی تیار  کر لی گئی ۔ وزیراعظم کی ہدایت پر بحالی کا پانچ سالہ بزنس پلان تیار کرلیا گیا جو جلد وفاقی کابینہ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائیگا۔ نئے جہازوں کی لیز پر خریداری کے بعد  ایئر لائن فلیٹ کو 32 سے بڑھا کر 50 کرنے اور گراوٴنڈ کیے گئے دو بوئنگ 777، دو اے ٹی آر،دو اے 320 جہازوں کو آپریشنل کرنے کیلئے حکومت سے گرانٹ طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ مالی خسارہ کا سبب بننے والے روٹس کو بند کرنے اور منافع بخش روٹس بحال کرنے کی تجویز بھی برنس پلان کا حصہ ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے پی آئی اے نے آپریشنل اخراجات میں سالانہ 2 ارب، 77 کروڑ کمی کا بھی فیصلہ کرلیا جبکہ حکومت سے سول ایوی ایشن چارجز میں کمی اور ڈالر کی بجائے روپے میں ادائیگی کا مطالبہ کیا جائیگا۔ بزنس پلان میں پی آئی اے بکنگ آفس کو کراچی سے پشاور منتقل کرنے اور آئل ڈپو کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کی تجویز بھی شامل ہے ۔