Friday, March 29, 2024

پی آئی اے کا طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ، 67 جاں بحق

پی آئی اے کا طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ، 67 جاں بحق
May 22, 2020
کراچی (92 نیوز) لاہور سے کراچی کیلئے پی آئی اے کی پرواز حادثے کا شکار ہوگئی۔ طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب گرگیا۔ ایئربس 320 میں عملے سمیت 99 افراد سوار تھے۔ جاں بحق ہونے والی کی تعداد 67 ہوگئی۔ پی آئی اے کا طیارہ طیارہ ماڈل کالونی میں گرا، فنی خرابی کا شکار ہوا۔ لینڈنگ سے قبل وہیل نہیں کھل سکے۔ بدقسمت طیارے میں عملے سمیت 99 افراد سوار تھے۔ طیارے کو کیپٹن سجاد گل اڑا رہے تھے، فرسٹ آفیسر عثمان اعظم، فرید احمد، عرفان رفیق عملے میں شامل تھے۔ کریو ممبرعبدالقیوم اشرف، آمنہ عرفان، عاصمہ شہزادی شامل تھے۔ طیارہ گرنے سے مکانات کو بھی نقصان پہنچا، امدادی کارکنوں نے حادثے کے مقام پر آگ بجھا دی، متعدد میتیں اور زخمی اسپتال منتقل کر دئیے گئے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے جہاز کے عملے کے تمام ارکان کا تعلق لاہور سے تھا۔ طیارے میں سوار مسافروں کی فہرست 92 نیوز کو موصول ہوگئی، مسافروں میں فتح علی، رحیم ذین، کاشف افضال، شبیر احمد، رضوان احمد، بلال احمد سوار تھے۔ یاسمین، فروہ علی، ارمغان علی، فوزیہ ارجنمد، محمد اسلم، محمد عطاء اللہ بھی سوار تھے۔ مسافروں میں رائے عطا اللہ، نیلم برکت، فریحہ بشارت، حفصہ، مہرین دانش، بیگم دلشاد، احمد دلشاد بھی شامل ہیں، صائمہ عمران، عنایہ فاروقی، ایشال فاروقی، کریم ممتاز، جعفر مسعود بھی سوار تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج اور رینجرز کے دستے بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ پاک آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز بھی جائے حادثہ پر موجود اور نقصانات کا تخمینہ لگا رہے ہیں۔ آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز امدادی کارروائیوں میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے طیارہ کے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور غم کا اظہارکیا ۔ ترجمان پاک بحریہ  کے مطابق نیول چیف نے کراچی میں پاک بحریہ کی فیلڈ کمانڈز کو امدادی کاموں میں سول انتظامیہ کی بھرپور معاونت کی ہدایت کردی۔ پاک بحریہ کے چار فائر ٹینڈرز اور امدادی ٹیم دیگر اداروں کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ ادھر جناح اور سول اسپتال سمیت کراچی کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، تمام اسٹاف کو فوری اسپتالوں میں طلب کیا گیا۔