Friday, April 19, 2024

پی آئی اے کا برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال

پی آئی اے کا برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال
April 18, 2020
لاہور (92 نیوز) پی آئی اے کا برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال کردیا گیا۔ کل سے لاہور اور اسلام آباد سے لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کیلئے پروازیں چلائی جائیں گی۔ برطانیہ میں پھنسے پاکستانیوں کے لئے اچھی خبر ہے۔ حکومت پاکستان کی ایما پر وزیر ہوابازی غلام سرور خان کی خصوصی ہدایات پر پی آئی اے کا برطانیہ کا آپریشن جزوی طور پر بحال کردیا گیا۔ پی آئی اے کی کل سے روزانہ لاہور اور اسلام آباد سے لندن،مانچسٹر اور برمنگھم کیلئے پروازیں چلانے کا مقصد دونوں ملکوں میں پھنسے شہریوں کو وطن واپس پہنچانا ہے۔ برطانوی اور پاکستانی حکومتوں پر اپنے شہریوں کی طرف سے شدید دباؤ تھا۔ پی آئی اے نے قومی مفاد میں فوری طور اپنی خدمات فراہم کردیں، اجازت تمام حفاظتی اصولوں پر عمل درآمد کی یقین دہانی پر دی گئی۔ پی آئی اے نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اور عوام کے پرزور اسرار پر خصوصی رعایت بھی متعارف کروادی۔ یکطرفہ رعایتی کرایہ ایک لاکھ 10ہزار روپے یا 525 پائونڈ ہوگا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پہلے سے بکنگ رکھنے والے مسافروں کو بھی ایڈجسٹ کیا جائے گا، تاہم نئی بکنگ کروانے والے مسافر فوری طور پر پی آئی اے کی ویب سائیٹ یا دفاتر سے رجوع کریں گے۔ پروازیں آج صبح سے بکنگ کیلئے دستیاب ہیں، بکنگ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کی جائیں گی۔