Wednesday, April 24, 2024

پی آئی اے نے گراؤنڈ کئے گئے طیارے کو مرمت کے بعد فعال کردیا

پی آئی اے نے گراؤنڈ کئے گئے طیارے کو مرمت کے بعد فعال کردیا
June 4, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) پی آئی اے نے گراؤنڈ کئے گئے طیارے مرمت کر کے  فعال کر دیے ۔ پی آئی اے  نے گزشہ سال سے ناقابل استعمال قرار دیکر گراؤنڈ کیے گئے طیارے کو مرمت کیا ، پی آئی اے کے صدر ایئر مارشل ارشد ملک نے اس کامیابی کو عید کا تحفہ قرار دے دیا ۔ عیدالفطر پر سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک نے پیغام  میں کہا کہ  ڈیڑھ سال سے ناقابل استعمال بوئنگ ٹرپل سیون کو مرمت کرکے آپریشن میں شامل کردیا گیا ۔ ارشد ملک نے خوشخبری سنائی کہ ایک اور ایئربس اے 320 بھی جلد آپریشن کا حصہ بن جائے گا ، جبکہ پی آئی اے کا مقصد مسافروں کی سہولتوں کو بہتر بنانا اور آمدن میں اضافہ کرنا ہے ۔ سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ طیاروں میں ”لیگ سپیسی یا بلک ہیڈ“ والی کشادہ سیٹیں سفارشی طور پر مختص کرنے کی بجائے عوام کیلئے پیش کی گئی ہیں  ، جس سے ایک ماہ سے بھی کم وقت میں ایک کروڑ روپے اضافی آمدن ہوئی ، جبکہ سالانہ آمدن میں 220 سے 250 ملین روپے اضافے کا امکان ہے ۔ ارشد ملک کا کہنا ہے پی آئی اے کے کارگو شعبے پر توجہ دینے سے بیرون ملک کارگو کی ترسیل کا لوڈ فیکٹر 80 فیصد تک پہنچ گیا  ، جبکہ نئے مقامات کیلئے پروازیں بھی شروع کی جائیں گی ۔