Monday, May 13, 2024

پی آئی اے نے تین سال میں 10 کروڑ 65 لاکھ روپے مالیت کا کھانا ضائع کر دیا

پی آئی اے نے تین سال میں 10 کروڑ 65 لاکھ روپے مالیت کا کھانا ضائع کر دیا
September 25, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) باکمال لوگ، لاجواب سروس کی حامی قومی ایئرلائن پی آئی آے کے کمالات سامنے آگئے۔ بغیرمسافر طیارے اڑانے اور جعلی ڈگریوں پر بھریتوں کے بعد کھانا  سکینڈل سامنے آگیا۔ پی آئی اے نے تین سالوں میں 10 کروڑ 65 لاکھ روپے مالیت کا کھانا ضائع کر دیا۔ پی آئی اے فلائٹ کچن  کی  آڈٹ رپورٹ میں سنسنی خیز انکشافات ہو گئے۔ دستاویز کے مطابق پی آئی اے نے تین سالوں میں 10 کروڑ 65 لاکھ روپے مالیت کا کھانا ضائع کردیا۔ قومی ایئرلائن نے جتنا کھانا ضائع کیا وہ 5 لاکھ 14 ہزار 554 افراد کے لیے کافی تھا۔ پی آئی اے نے 2013ء میں ایک کروڑ 91 لاکھ 48 ہزار روپے کا کھانا ضائع کیا ۔یہ کھانا ایک لاکھ 56 ہزار564 افراد کا پیٹ بھرسکتا تھا۔ 2014ء میں 2 کروڑ27 لاکھ 61 ہزار245 روپے کا کھانا ضائع کیا گیا۔ 2015ء میں 3 کروڑ6 لاکھ 62 ہزار کا کھانا کسی کے پیٹ میں نہ جاسکا۔ یہ کھانا 2 لاکھ 7 ہزار365 افراد کا پیٹ بھرسکتا تھا۔ پی آئی اے لاہورانتظامیہ نے 3 کروڑ 40 لاکھ روپے کا کھانا ضائع کیا۔ آڈٹ حکام نے اپریل 2016  اور  نومبر 2018 میں پی آئی اے کے سامنے معاملہ اٹھایا اور کھانا ضائع ہونے کہ وجہ ناقص حکمت عملی اور لاپرواہی قرار دی۔ آڈٹ حکام نے ذمہ داروں کا تعین کرنے کی بھی سفارش کی ہے ۔