Monday, September 16, 2024

پی آئی اے ملازمین پر نافذ لازمی سروس ایکٹ کیخلاف دائر درخواست خارج

پی آئی اے ملازمین پر نافذ لازمی سروس ایکٹ کیخلاف دائر درخواست خارج
February 8, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پی آئی اے ملازمین پر لازمی سروس ایکٹ کے نفاذ کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے روبرو ورکرز کنفیڈریشن کی جانب سے اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شاہد وحید نے قرار دیا کہ درخواست کے ساتھ لازمی سروس ایکٹ کے نفاذ کا نوٹیفکیشن منسلک نہیں ہے اور نہ درخواست گزار ورکرز کنفیڈریشن رجسٹرڈ تنظیم ہے۔ ہائیکورٹ نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کر دیا۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ لازمی سروس ایکٹ کا نفاذ آئین کے منافی ہے کیونکہ آئین کے تحت ملازمین کا احتجاج کرنا ان کا حق ہے۔ درخواست میں یہ قانونی نکتہ اٹھایا گیا تھا کہ لازمی سروس ایکٹ کا نفاذ اس وقت ہو سکتا ہے جب ریاست کی سالمیت کو خطرہ ہو۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ پی آئی اے کے ملازمین پر لازمی سروس ایکٹ کا نفاذکالعدم قرار دیا جائے۔