Sunday, September 8, 2024

پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات کیلئے آج فرانس سے ٹیم کراچی پہنچے گی

پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات کیلئے آج فرانس سے ٹیم کراچی پہنچے گی
May 25, 2020

کراچی ( 92 نیوز ) پی آئی اے طیارے حادثے کی تحقیقات کیلئے آج فرانس سے ٹیم کراچی پہنچے گی، حادثے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جائیں گی۔

کراچی میں قیامت بپا ہوئے چوتھا دن ، بدقسمت طیارے کا انجن جائے حادثہ پرجوں کا توں ہے ، تحقیقات میں معاونت فراہم کرنےکیلئے فرانسیسی ماہرین کی ٹیم آج رات 11بجے پاکستان کیلئے اڑان بھرے گی۔

11ارکان پرمشتمل ٹیم پرواز اے آئی بی 1888 کے ذریعے 26مئی کی صبح 6بج کر40منٹ پر لینڈ کرے گی،سول ایوی ایشن حکام نے لینڈنگ کیلئے خصوصیاجازت نامہ جاری کردیا۔

غیرملکی ماہرین جائے حادثہ ماڈل کالونی کا دورہ اورطیارے کے انجن سمیت تمام  ملبے کا معائنہ کریں گے۔

فرانسیسی ماہرین کی ٹیم تباہ شدہ جہاز کے ملبے سے شواہد جمع کرے گی جبکہ طیارے کا بلیک باکس اپنے ساتھ فرانس لےجائیگی جس سے اہم شواہد ملنے کے قوی امکانات ہیں ، ٹیم کے ارکان 16گھنٹے میں تحقیقات مکمل کرکے رات10بجے واپس روانہ ہوجائیں گے۔

طیارہ حادثہ میں زندہ بچ جانے والے مسافر محمد زبیر کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا،  ترجمان پی آئی اے کے مطابق  جاں بحق ہونے والے 32مسافروں کی میتیں لواحقین کے حوالے کردی گئیں۔

دوسری جانب طیارہ حادثے سے چند منٹ قبل کے اینی میٹڈ مناظر سامنے آگئے، طیارے نےلینڈنگ میں ناکامی پر دوبارہ اڑان بھری تو ایئر ٹریفک کنٹرولر نے3ہزار فٹ بلندی برقرار رکھنے کا کہا۔

 پائلٹ پہلے2ہزار اور پھر1800فٹ کی بلندی پر آگیا، کنٹرول ٹاور نے جہاز کے پائلٹ کو کم بلندی کی وارننگ بھی دی، اچانک پائلٹ نے انجن فیل ہونے کی اطلاع دی، مے ڈے کی کال دیتے ہی جہاز ریڈار سے غائب ہوگیا۔