Tuesday, April 23, 2024

پی آئی اے سے ایک بھی ملازم نہیں نکالا جائیگا: وزیراعظم

پی آئی اے سے ایک بھی ملازم نہیں نکالا جائیگا: وزیراعظم
December 8, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب میں قربانیاں دینے والے بے گھر افراد کی بحالی کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور پی آئی اے سے کسی ملازم کو فارغ نہیں کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پی آئی اے کے نئے آرڈیننس پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ نئے آرڈیننس کے تحت شراکت داری سے پی آئی اے کو اوجی ڈی سی ایل کی طرح خود مختار ادارہ بنایا جائے گا اور پی آئی اے کو بیوروکریسی کے چنگل سے نکالا جائے گا۔ نئے آرڈیننس کا مقصد پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنانا ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم کو 40 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے پر بھی بریفنگ دی اور بتایا کہ 40 ارب کے ٹیکسوں میں سے 27 ارب روپے صوبوں کو ملیں گے۔ اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ حکومت عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی کے لیے کام کررہی ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب میں قربانی دینے والے بے گھر افراد کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کی بحالی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔