Sunday, April 28, 2024

پی آئی اے حادثے کی تحقیقات، پائلٹس کی تنظیم ”پالپا “کا طرزعمل مشکوک

پی آئی اے حادثے کی تحقیقات، پائلٹس کی تنظیم ”پالپا “کا طرزعمل مشکوک
June 4, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی میں پی آئی اے حادثے کی تحقیقات کے آغاز سے پائلٹس کی تنظیم ”پالپا “کا طرز عمل مشکوک ہوتا جا رہا ہے۔ پائلٹس کے ذریعے پی آئی اے انتظامیہ پردباؤ بڑھانے کے حربے، کہیں یہ تحقیقات پر اثرانداز ہونے کی کوشش تو نہیں؟۔ کراچی میں پی آئی اے کی پرواز 8303 کو اندوہناک حادثے کی تحقیقات کا معاملہ پر پائلٹس کی تنظیم "پالپا" کی جانب سے جاری تحقیقات پر اثر انداز ہونے کیلئے مختلف حربوں کا استعمال کیا جارہا ہے، پی آئی اے انتظامیہ پر دبائو بڑھانے کیلئے پائلٹس کو استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ پالپا کے مشکوک طرز عمل سے کئی سنگین لیکن چبھتے سوالات اٹھ کھڑے ہوگئے۔ پالپا کے دباﺅ پر پائلٹس نے انتظامیہ پر الزام عائد کیا کہ دبائو میں رکھ کر پروازیں اڑوائی جاتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کیسا دبائو ہے کہ پرواز سے منع کرنے پر نہ کبھی کسی پائلٹ کی تنزلی ہوئی، نہ تنخواہ میں کمی نہ نوکری سے نکالا گیا؟۔ کیا پالپا کو فرانسیسی ٹیم کو تحقیقات پر اعتماد ہوگا؟ اگر غلطی پائلٹ کی نکلی تو کیاردعمل ہوگا؟ اگر پالپا مطالبے پر انہیں تحقیقاتی ٹیم کا حصہ بنائیں تو کیا انکوئری کی شفافیت پر سوال نہیں اٹھتے؟ کیا پالپا بتا سکتی ہے کہ پی آئی اے کے علاوہ کتنی ایئر لائنز کے ہواباز اس تنظیم کے رکن ہیں؟۔ پالپا بتا سکتی ہے کہ کانٹریکٹس پر موجود دیگر پائلٹس تنظیم کا حصہ کیوں نہیں؟پالپا ورکنگ معاہدے کے خاتمے کیلئے انتظامیہ کیخلاف عدالت گئی۔ پالپا بتائے، کیا پاکستان میں کسی اور ایئر لائن کیساتھ آپکا کوئی ورکنگ ایگریمنٹ ہے؟ ذرائع کے مطابق ورکنگ ایگریمنٹ کی شق 1.2 کے تحت پالپا کے پائلٹ ہی پی آئی اے پائلٹس کی جانچ کے مجاز کیوں ہیں؟۔ پائلٹس کی جانچ کیلئے پالپا کو کسی تیسرے فریق کو اجازت دینا ،کیوں قبول نہیں؟۔ سول ایوی ایشن کے مطابق جن پائلٹس پر تحفظات ہیں ان میں پالپا کے عہدیداران بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کسی تحقیقات میں پائلٹس پر الزام آتا ہے تو کیا براہ پالپا پر بھی الزام عائد نہیں ہوتا؟۔۔ذرائع کہتے ہیں ایسے بہت سے سوالات ہیں جو پالپا کے حربے ،خصوصاً حادثے کا شکار طیارے کی تحقیقات کے دوران طرز عمل کو مشکوک بناتے ہیں۔