Friday, May 3, 2024

پی آئی اے !!! تمام پائلٹ کنٹریکٹ پر‘ 8ہزار ملازم فارغ کرنے کا فیصلہ

پی آئی اے !!! تمام پائلٹ کنٹریکٹ پر‘ 8ہزار ملازم فارغ کرنے کا فیصلہ
December 14, 2015
اسلام آباد (92نیوز) نجکاری سے قبل پی آئی اے کے آٹھ ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیاگیا۔ پائلٹس کو بھی مستقل ملازمت سے فارغ کرکے کنٹریکٹ پر تعینات کیا جائے۔ خلیجی ملک کی ایئرلائن نے پی آئی اے کے سامنے کئی شرائط رکھ دیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی نجکاری سے قبل اضافی ملازمین کی چھٹی جبکہ تمام پائلٹس کو بھی مستقل ملازمت کی بجائے کنٹریکٹ پر تعینات کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری سے قبل خلیجی ملک کی ایئرلائن نے پی آئی اے کے 26 فیصد حصص کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے تاہم اس سے قبل کئی شرائط بھی سامنے رکھی ہیں۔ خلیجی ملک کی ایئرلائن نے آٹھ ہزار ملازمین کو قومی ایئرلائن پر بوجھ قرار دیتے ہوئے انہیں ملازمت سے فارغ کرنے کی شرط رکھی ہے۔ ان ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک کے ذریعے گھر بھیجا جائے گا۔ پی آئی اے کے پائلٹس کو مستقل ملازمت کی بجائے کنٹریکٹ پر تعینات کیا جائے گا اور مستقبل میں کوئی بھی پائلٹ مستقل ملازمت پر تعینات نہیں کیا جائے گا۔ نجکاری سے قبل پی آئی اے کے 777 بوئنگ جہازوں کی حالت بھی بہتر بنائی جائے گی اور ان میں وائی فائی اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پی آئی اے کے بیرون ملک ہوٹلز پاکستان کی ملکیت میں رہیں گی اور ان کی نجکاری نہیں کی جائے گی۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ نجکاری سے قبل پی آئی اے کو ان شرائط پر عمل کرنا ہوگا۔ شرائط پر عمل نہ کرنے کی صورت میں خلیجی ملک کی ایئرلائن پی آئی اے کے 26 فیصد حصص خریدنے سے انکار کردے گی۔