Sunday, September 8, 2024

 پی آئی اے اور سٹیل ملز کی نجکاری کیلئے دسمبر 2016 تک کی ڈیڈلائن

 پی آئی اے اور سٹیل ملز کی نجکاری کیلئے دسمبر 2016 تک کی ڈیڈلائن
August 7, 2015
اسلام آباد(92نیوز)پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات دبئی میں مکمل ہوگئے۔ پاکستان نے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے دسمبر 2016 کی ڈیڈ لائن مانگ لی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے خبردار کیا ہے کہ  ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید  اضافہ ہو سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان دبئی میں جاری مذاکرات مکمل ہونے کے بعد وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا کو بتایا کہ  پاکستان نے  پی آئی اے کی نجکاری کے لیے دسمبر 2016 تک کی ڈیڈ لائن مانگ لی  ہے۔ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ سطح پرآگئے ہیں جب کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی سے جاری کھاتوں کا خسارہ کم ہوا ہے جس کی وجہ سے مہنگائی 12 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ۔ پاکستان نے گزشتہ سہہ ماہی کے تمام اہداف حاصل کرلئے ہیں تاہم آنیوالے دنوں میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ  ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی خسارے کا ہدف 5.5 فیصد رکھا گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کو خود مختار بنانے کیلئے قانون پارلیمنٹ سے منظور کرائیں گے۔ آئی ایم ایف مشن کے سربراہ ہیرالڈ فنگر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان میں معاشی استحکام کو بہتر بنانے، معاشی نمو کو بڑھانے اور نجی شعبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا خیر مقدم کرتا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری میں سرمایہ کاری سے پاکستان کی جی ڈی پی 4.5 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کی آٹھویں اقتصادی جائزہ رپورٹ تیار کرلی۔ جسکی منظوری پرآئی ایم ایف پاکستان کو 51 کروڑ ڈالر کی نویں قسط جاری کردے گا۔