Tuesday, April 23, 2024

'پہلے سڑک بناﺅ ... پھر پولیو قطرے پلاﺅ'

'پہلے سڑک بناﺅ ... پھر پولیو قطرے پلاﺅ'
December 19, 2015
پشاور (92نیوز) ملاکنڈ میں پورے گاوں نے محض اس لئے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کر دیاکہ اس علاقے میں سڑک پر تعمیراتی کام رک گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیو کے خاتمہ کے لئے حکومت کی کوششیں اپنی جگہ مگر اس سلسلہ میں عوام میں آگہی اتنی کم ہے کہ لوگ اپنے بچوں کے لئے نہیں بلکہ حکومت پر احسان جتا کر پولیو کے قطرے اپنے بچوں کو پلاتے ہیں اور جب علاقے میں سڑک پر ترقیاتی کام رک جا تا ہے تو لوگ پورے گاوں میں قطرے پلانے سے انکار کر دیتے ہیں ایسا ہی مالاکنڈ کے ایک گاوں خانوڑی میں ہوا۔ اس علاقے کے لوگ احتجاج کرتے کرتے پشاور پہنچ گئے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جہاں سڑکوں پر کام روک دیا جا تا ہو‘ تعلیم کا نام نشان نہ ہو اور بچوں کا مستقبل تباہ ہو رہا ہو وہاں اگربچے پولیو سے معذور ہو جائیں تو وہ اسے بڑی بات نہیں سمجھتے۔ گزشتہ دو ہفتوں سے جاری احتجاج میں مالاکنڈ کے اس بندوبستی علاقے کے مکینوں کا مطالبہ درست ہے یا نہیں مگر انہیں پولیو کے قطرے پلانے پر مائل کرنے کے لئے نہ تو کوئی حکومتی عہدیدار پہنچا اور نہ ہی کسی اور نے ان کی آواز سنی۔