Monday, May 20, 2024

پہلے دن کا کھیل ختم، سری لنکن بلے بازوں نے3 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنا لیئے

پہلے دن کا کھیل ختم، سری لنکن بلے بازوں نے3 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنا لیئے
October 6, 2017

دبئی اسٹیڈیم کی مصنوعی روشنیوں میں گرین کیپس کی چمک پھیکی پڑ گئی۔ دبئی ٹیسٹ کے پہلے روز لنکن ٹائیگرز نے شاہینوں کا خوب امتحان لیا اور دن بھر کی محنت کے باوجود پاکستانی باؤلرز کے ہاتھ صرف تین وکٹیں آئیں۔
چندی مل دبئی میں بھی خوش قسمت رہے ،اور ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکن اوپنرز نے عمدہ آغاز فراہم کیا اور پاکستان کو پہلی وکٹ کیلئے تئیس اوورز تک انتظار کرناپڑا۔ کوشل سلوا ستائیس رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
دوسرے سیشن میں محمد عامر اور یاسر شاہ نے اوپر تلے دو کھلاڑیوں کو میدان بدر کرکے میچ میں دلچسپی پیدا کی۔ لیکن کرونا رتنے اور کپتان دنیش چندی مل دیوار بن گئے۔ دونوں چوتھی وکٹ کی شراکت میں ایک سو اٹھارہ رنز جوڑ چکے ہیں۔
پہلے روز پاکستانی ٹیم کو فٹنس مسائل نے بھی گھیرے رکھا ،کھیل کے اختتامی اوورز میں عامر میدان چھوڑ کر باہر چلے گئے اور اس کے ساتھ ریویوز کے معاملے پر بھی سرفرازناکام رہے اور اب تک ٹیم کے دونوں ریویوز ضائع ہوچکے ہیں۔
حسن علی کی جگہ ٹیم میں شامل ہونےوالے وہاب ریاض اور محمد عباس وکٹ سے محروم رہے۔ کرونا رتنے ایک سو تینتس اور چندی مل انچاس رنز کے ساتھ دوسرے روز کا کھیل شروع کریں گے۔