Friday, May 10, 2024

پہلی مرتبہ وزیراعظم طاقتور لوگوں کے مقابلے میں کمزور طبقے کے ساتھ کھڑا ہے ، فواد چودھری

پہلی مرتبہ وزیراعظم طاقتور لوگوں کے مقابلے میں کمزور طبقے کے ساتھ کھڑا ہے ، فواد چودھری
May 7, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے پہلی مرتبہ وزیراعظم طاقتور لوگوں کے مقابلے میں کمزور طبقے کے ساتھ کھڑا ہے۔

فواد چودھری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ساڑھے 11 لاکھ لوگ دو سال میں ملک سے باہر بھیجے گئے ہیں۔ ہزاروں گھر اس وقت سرکاری سیکٹر میں بن رہے ہیں۔ لان کے لیے 52 ارب روپے کی درخواستیں آچکی ہیں۔ انتخابی وعدوں کو پورا کیا جارہا ہے۔ شہباز شریف کہہ رہے تھے آپ کو لیبر کی بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔ شہباز شریف نے مزدور کی بات کرنے سے سبکی ہونے کا بیان دیا۔ اپوزیشن کو اپنے رویے پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں ہر وقت پولیٹیکل پوائنٹ اسکورنگ مناسب نہیں۔

انہوں نے کہا غریب لوگوں کیساتھ وزیراعظم کھڑا نہیں ہو سکتا تو ہمیں حکومت میں رہنے کا کیا حق ہے۔ چاہتے ہیں ایسا نظام بنے جس پر تمام لوگوں کا اعتماد ہو۔ وزیراعظم نے ایک سے زائد بار یہ بات کہی انہیں سفارتکاروں پر فخر ہے۔ بیرون ملک سے آنیوالی ترسیلات ہمارے تجارتی حجم سے بھی زیادہ ہو گئی ہیں۔

 فواد چودھری بولے بیرون ملک سفارت خانوں نے پتھر رکھ کر مزدوروں کا راستہ روکا۔ وزیراعظم انسپکشن کمیشن کو ذمے داری سونپی گئی ہے کہ ایمبیسی سے متعلق تحقیقات کرے۔ انہوں نے این اے دو سو انچاس کے ضمنی انتخاب میں ہر ووٹ ٹیمپرڈ ہونے کا الزام بھی لگا دیا۔

مشیر تجارت رزاق داؤد نے ایمزون کی سیلرز لسٹ میں پاکستان کی شمولیت کو زرمبادلہ بڑھانے کا ذریعہ قرار د ے دیا۔ انہوں نے کہا کل ایمزون نے اجازت دی پاکستانی سیلرزایمبزون کا پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں۔ ایکسپورٹ کا نیا ذریعہ کھل جائے گا۔ ہمارے لیے ایک سمندر کھل گیا ہے۔ ایمزون کے آنے کے بعد لاجسٹک کمپنیز کو بھی استعداد کار بڑھانی ہو گی۔ ایمزون کا ملک میں آنا ایک بہت بڑی پیشرفت ہے۔