Thursday, April 25, 2024

پہلا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے میں بنگلہ دیش کو 4 وکٹوں سے ہرادیا

پہلا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے میں بنگلہ دیش کو 4 وکٹوں سے ہرادیا
November 19, 2021 ویب ڈیسک

ڈھاکہ (92 نیوز) پاکستان نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے 128 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، حسن علی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

محمد نواز اور شاداب خان نے قومی ٹیم کی ڈوبتی نیا پار لگا دی، سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں چار وکٹوں سے شکست دے دی۔

128 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم آغاز میں مشکلات کا شکار نظر آئی اور صرف 24 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، محمد رضوان 11، کپتان بابر اعظم 7، شعیب ملک اور حیدر علی کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔

فخر زمان اور خوشدل شاہ نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 80 رنز تک پہنچا دیا، فخرزمان 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، 96 رنز کے مجموعی اسکور پر خوشدل شاہ بھی 34 رنز پر ہمت ہار گئے۔

فخر اور خوشدل شاہ کے آؤٹ ہونے پر پاکستانی ٹیم ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہو گئی، محمد نواز اور شاداب خان کی جارحانہ بیٹنگ نے قومی ٹیم کو کامیابی دلا دی۔ شاداب خان نے 10 گیندوں پر 21 اور محمد نواز نے 8 گیندوں پر 18 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے، عفیف حسین 36 اور مہدی حسن 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

پاکستان کو 3 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی۔