Saturday, May 4, 2024

پہلا ٹی 20 : پاکستان نے سری  لنکا کو 29رنز سے پچھاڑ دیا

پہلا ٹی 20 : پاکستان نے سری  لنکا کو 29رنز سے پچھاڑ دیا
July 30, 2015
کولمبو(سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ٹی ٹوینٹی میں انتیس رنز سے شکست دے دی۔ دو میچوں کی سیریز میں گرین شرٹس کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کولمبو میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوینٹی میں پاکستان کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ درست ثابت ہوا۔پاکستان نے مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو پچہتر رنز بنائے۔ اوپنر مختار احمد دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا مجموعی اسکور صرف دس تھا تاہم دوسری وکٹ کی شراکت میں احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے اننگز کو سنبھالا حفیظ سترہ اور احمد شہزاد چھیالیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک اور عمر اکمل نے بھی چھیالیس چھیالیس رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہد آفریدی آٹھ رنز بنا سکے۔انور علی بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔ شعیب ملک کی بیٹنگ کے دوران ان کی اہلیہ ٹینس سٹار ثانیہ مرزا پویلین میں بیٹھی خوشی سے تالیاں بجاتی رہیں۔ سری لنکن ٹیم ہدف کے تعاقب کے لیے میدان میں آئی تو پاکستانی باؤلرز کی تباہ کن باؤلنگ نے اسے سات وکٹوں میں ایک سو چھیالیس رنز تک محدود کر دیا۔ سہیل تنویر تین وکٹوں کے ساتھ مین آف دی میچ قرار پائے انور علی نے دو جبکہ شعیب ملک اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ میچ کے بعد شاہد آفریدی نے کہا کہ فتح کا کریڈٹ تمام کھلاڑیوں کو جاتا ہے جنہوں نے بہترین کھیل پیش کیا۔ سری لنکن کپتان لیستھ ملنگا کا کہنا تھا کہ پاکستان اچھا کھیلا جبکہ سری لنکن کھلاڑیوں کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ ہفتے کے روز کولمبو ہی میں کھیلا جائے گا۔