Friday, May 10, 2024

پاکستان نے جنوبی افریقہ کیخلاف پہلا ٹی 20 میچ جیت لیا

پاکستان نے جنوبی افریقہ کیخلاف پہلا ٹی 20 میچ جیت لیا
April 10, 2021

جوہانسبرگ (ویب ڈیسک )جنوبی افریقہ کو ون ڈے سیریز میں شکست دینے کے بعد پاکستان نے پہلا ٹی 20 میچ بھی جیت لیا ، جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے 188رنز بنائے ، پاکستان نے ہدف بیسویں اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کیا۔

189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں  پاکستانی ٹیم نے محتاط مگر جارحانہ مزاج اپنایا ، اوپنر  محمد رضوان نے 50 گیندوں پر  74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، ان کی اننگز 2 چھکوں اور 9 چوکوں سے مزین تھی ۔

کپتان بابر اعظم نے 14 ،فخر زمان نے 27،محمد حفیظ نے 13 ،حیدر علی نے 14 ،فہیم اشرف نے 30 رنز بنائے ۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر 6 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے ۔ میزبان ٹیم ابتداء سے ہی جارحانہ انداز اپنائے ہوئے تھی اور 10.3 اوورز میں  تین وکٹوں کے نقصان پر100 رنز بنائے ۔جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 31 کے مجموعی اسکور پر گری جب جنیمن ملان 16 گیندوں پر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔

صرف چار اسکور کے بعد ٹاپ آرڈر ویحن لیوب بھی چلتے بنے ۔ جبکہ اوپنر ایڈن مارکرم نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 32 گیندوں پرایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 51 رنز جڑ دیے ، وہ محمد نواز کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ہنرک کلاسن 50، پائٹ وان ولجون 34 ،جارج  لنڈ 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز اور حسن علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو میدان بدر کیا ۔ عثمان قادر 3 اوورز میں  38، فہیم اشرف دو اوورز میں 18 رنز دیکر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے ۔