Saturday, May 11, 2024

پہاڑوں کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے

پہاڑوں کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے
December 11, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں پہاڑوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے ،  پاکستان قدرتی حسن سے مالا مال ہے، ایک جانب خوبصورت وادیاں دیکھنے والوں پر سحر طاری کر دیتی ہیں تو دوسری طرف  بلند و بالا برف پوش پہاڑ بھی سیاحوں کے لئے خصوصی دلچسپی کا باعث ہیں۔ دنیا میں 8 ہزار میٹر سے بلند صرف 14 چوٹیاں ہیں جن میں سے پانچ پاکستان کے پاس ہیں جن میں کے ٹو، نانگا پربت، گاشر برم ون، بروڈ پیک اور گاشر برم ٹو گلگت بلتستان میں ہیں۔ پاکستان کی سب سے بلند چوٹی کے ٹو  کو ماؤنٹ ایورسٹ کے مقابلے میں زیادہ مشکل اور خطرناک سمجھا جاتا ہے، نانگا پربت دنیا کی نویں اور پاکستان کی دوسری سب سے اونچی چوٹی ہے، اسے دنیا کا ’’قاتل پہاڑ ‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ فیری میڈو یا پریوں کا میدان نانگا پربت دیکھنے کے لئے سب سے خوبصورت جگہ ہے۔ پاکستان میں جہاں اونچی چوٹیاں ہیں وہاں اونچی چوٹیوں کو سر کرنے والے کوہ پیماؤں کا تعلق بھی پاکستان سے ہے، وادی ہنزہ سے تعلق رکھنے والی ثمینہ خیال بیگ روس کے بلند ترین پہاڑ البروز پر سبز ہلالی پرچم لہراچکی ہیں، یو ں وہ سات براعظموں میں سات بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون  ہیں۔ اس سے قبل ثمینہ نے 19 مئی 2013 کو دنیا کی بلند ترین چوٹی ایورسٹ سر کی تھی۔