Thursday, March 28, 2024

پھیپھڑوں کا کینسر: عالمی ادارہ صحت کی دنیا کے تمام ممالک سے سگریٹ مہنگے کرنے کی اپیل

پھیپھڑوں کا کینسر: عالمی ادارہ صحت کی دنیا کے تمام ممالک سے سگریٹ مہنگے کرنے کی اپیل
July 7, 2015
جنیوا (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے دنیا بھر کے ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ سگریٹوں اور تمباکو کی دیگر مصنوعات پر ٹیکسوں میں اضافہ کریں۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ تمباکو پر ٹیکسوں میں اضافے سے اس کی مصنوعات کا استعمال مہنگا ہو جاتا ہے جو اس کے بقول لوگوں کو تمباکو نوشی سے روکنے کا سب سے موثر اور کم لاگت والا طریقہ ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے غیرمتعدی امراض کی روک تھام کے محکمہ کے ڈائریکٹر ڈگلس بیچر کہتے ہیں کہ چین اور فرانس سے آنے والے شواہد سے پتا چلتا ہے کہ تمباکو کی مصنوعات کی زیادہ قیمتوں سے تمباکو نوشی اور اس سے متعلق بیماریوں مثلاً پھیپھڑوں کے سرطان سے ہونے والی اموات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ درمیانی آمدن رکھنے والے ملک ترکی کے اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ تمباکو پر ٹیکس میں 50 فیصد اضافے سے 2009ءاور 2014ءکے درمیان ملک میں تمباکو نوشی میں 13 فیصد کمی واقع ہوئی۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال ساٹھ لاکھ افراد تمباکو نوشی سے متعلق امراض کا شکار ہو کر وقت سے پہلے ہی موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں اور ان کی اکثریت ترقی پذیر ممالک سے تعلق رکھتی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا اندازہ ہے کہ اگر اس سلسلے میں ٹھوس اقدام نہ کیے گئے تو 2030ءتک تمباکو سے ہونے والی اموات کی سالانہ تعداد 80 لاکھ ہو جائے گی۔