Friday, April 26, 2024

پھیپھڑوں اورجگرکے کینسرمیں مبتلا اقبال مسیحا کا منتظر

پھیپھڑوں اورجگرکے کینسرمیں مبتلا اقبال مسیحا کا منتظر
April 13, 2020

گجرات ( 92 نیوز) گجرات کے قریبی شہر  ڈنگہ کا رہائشی اقبال  دو ماہ سے زندگی کا لمحہ لمحہ تکلیف و پریشانی سے گزار رہا ہے ،اس غریب گھرانے کے سربراہ کو کینسر جیسی مرض نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور کوئی اسپتال علاج نہیں کررہا ،اقبال اور اس کی فیملی نے حکومت سے علاج کی اپیل کی ہے ۔

جان لیواعارضے کے ساتھ زندگی کی سانسیں کیسے بحال رکھی جاسکتی ہیں؟، اس بات کاجواب ڈنگہ سے تعلق رکھنے والے غریب شخص اقبال سے بہترکوئی نہیں دے سکتا جوپھیپھڑوں اورجگرکے کینسرمیں مبتلاہے۔

علاج کے لئے لاہور اور اسلام آباد کے چکرلگاتے لگاتے ساری پونجی خرچ ہوگئی ، موت وحیات کی کشمکش میں  آج یہ حالات ہیں کہ اس کا ایک لمحہ بھی تکلیف کے بغیر نہیں گزرتا ،  ہر وقت موت کے انتظار میں اقبال کرب میں مبتلا رہتا ہے اور کوئی کمانے والا بھی نہیں۔

اقبال کی زوجہ دربدر کی ٹھوکریں کھا کر اپنے خاوند کے علاج کے لئے اعلی حکام سے اپیلیں کررہی ہے لیکن ان کی کوئی سننے والا نہیں ، اقبال کا اکلوتابیٹا کہیں شنوائی نہ ہونے پرشاکی ہے ، اقبال اور اس کی فیملی نے حکومت اور مخیرحضرات سے مددکی اپیل کی ہے۔