Monday, September 16, 2024

پھوٹی قسمت !!! ڈالر گرل کا نام دوبارہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل

پھوٹی قسمت !!! ڈالر گرل کا نام دوبارہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل
April 20, 2016
اسلام آباد (92نیوز) ماڈل ایان کا نام ای سی ایل سے خارج ہونے کے فوری بعد دوبارہ لسٹ میں شامل کرلیا گیا۔ وزرات داخلہ کو سیکرٹری ایف بی آر کی جانب سے درخواست کی گئی تھی کہ ملزمہ کے خلاف ابھی کرنسی سمگلنگ کیس زیر سماعت ہے۔ ماڈل کے ذمہ کروڑوں روپے جرمانے کی ادائیگی بھی باقی ہے۔ ای سی ایل میں نام شامل ہونے کے دوبارہ فیصلے نے ماڈل ایان کی بیرون ملک اڑان بھرنے کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے ماڈل ایان کی درخواست پر 13اپریل کو نام ای سی ایل سے خارج کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت عظمی کے فیصلے کے بعد ایان نے وزارت داخلہ سے رجوع کیا اور نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کرنے کی درخواست دائر کی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے کئی روز تک غور کرنے کے بعد ابھی نام خارج کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہوئے ایک گھنٹہ بھی نہیں گزرا تھا کہ ایف بی آر کے کی جانب سے ماڈل کا نام دوبارہ ای سی ایل میں شامل کرنے کی درخواست سامنے آگئی جس نے ڈالر گرل کے بیرون ملک اڑان بھرنے کے سارے خواب چکنا چور کر ڈالے۔ کسٹمز ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے ایف بی آر کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسکا نام دوبارہ ای سی ایل میں شامل کرلیا ہے۔ نومبر 2015ءکو کسٹمز کی درخواست پر ماڈل ایان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا جسے سندھ ہائی کورٹ نے خارج کرنے کا حکم دیا تھا تاہم کسٹمز اور وزرات داخلہ کی جانب سے سپریم کورٹ میں فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی تھی تاہم عدالت عظمیٰ نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو بحال رکھا تھا۔ ذرائع بتاتے ہیں اب جلد ماڈل ایان کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ کے مقدمے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا جائے گا جبکہ ملزمہ کو کسٹم کلکٹر کی عدالت سے 5کروڑ روپے جرمانہ اور پکڑی جانے والی کرنسی ضبط کرنے کی سزا سنائی گئی ہے جس کے خلاف اپیل ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں زیر سماعت ہے۔