Tuesday, May 21, 2024

پھلوں کو کیلشیم کاربائیڈ اور دیگر مضرِ صحت کیمیکلز لگا کر پکانے پر پابندی

پھلوں کو کیلشیم کاربائیڈ اور دیگر مضرِ صحت کیمیکلز لگا کر پکانے پر پابندی
May 6, 2018
لاہور (92 نیوز) پھلوں کو کیلشیم کاربائیڈ اور دوسرےمضرِصحت کیمیکلز لگا کر پکانے پر پابندی لگا دی گئی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کولڈ اسٹورز، پھلوں کے گوداموں اور منڈیوں کی چیکنگ کے دوران 13 سرد خانے اور 41 گودام سربمہر کردیئے، جبکہ ہزاروں کلوگرام پھل تلف کر دیئے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ان ایکشن ہو کر سینٹرل زون لاہور اور قصور میں کارروائی کرتے ہوئے دو، دو اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک کولڈ اسٹور سیل کر دیا۔ آپریشن کی نگرانی ڈی جی پی ایف اے نورالامین مینگل نے کی جس کے دوران کیمیکل لگا کر پکائے گئے 3400 کلو گرام آم، 2100 کلو سیب، 2400 کلو آڑو اور ناشپاتی تلف کر دیے گئے۔ شمالی زون میں جہلم، گوجرانوالہ، میانوالی اور خوشاب میں بھی ایک ایک اور جنوبی زون ملتان میں 2 جبکہ وہاڑی اور رحیم یار خان میں بھی ایک ایک کولڈ سٹور سیل کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کولڈ اسٹور مالکان اور پھلوں کے بیوپاریوں کو کیلشیم کاربائیڈاستعمال کرنے سے منع کرنا کا سلسلہ سال بھر سے جاری تھا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ایک بار پھر تمام کولڈ سٹورز، فروٹ منڈیوں کی بار بار چیکنگ کی جائے گی اور پھل اور سبزیاں زیادہ دیر تک سٹور کرنے، جلد پکانے کے لیے ممنوعہ کیمیکلز استعمال کرنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔