Thursday, May 9, 2024

پھل فروشوں ، میڈیکل اسٹورز ، فارمیسیز میں بھی پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی عائد

پھل فروشوں ، میڈیکل اسٹورز ، فارمیسیز میں بھی پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی عائد
August 8, 2020

لاہور ( 92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پھل  فروشوں، میڈیکل سٹور، فارمیسیز میں بھی پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی  لگادی ۔ محکمہ تحفظ ماحول کو عدالتی حکم پرعملدرآمدکروانے کاحکم بھی جاری کردیاگیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے پھل  فروشوں، میڈیکل اسٹورز، فارمیسیز میں بھی پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی  لگادی ، محکمہ تحفظ ماحول سے گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں پلاسٹک بیگز کے غلط استعمال پر جامع رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے۔

جسٹس شاہد کریم نے ابوذر سلمان خان نیازی ایڈووکیٹ کی درخواست پر عبوری تحریری حکم جاری کیا ، تحریری حکم میں  کہاگیاہے کہ محکمہ تحفظ ماحول پرچون کی دکانوں پر بھی پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کے حکم پر عملدرآمد کروائے۔

میڈیکل سٹورز، پھل  فروشوں اور پرچون دکانداروں کو پلاسٹک بیگز کا استعمال ترک کرنے کیلئے 2 ہفتے کا نوٹس دیا جائے ، دو ہفتوں کے نوٹس کے بعد پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی پر عمل نہ کرنے والے دکانداروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

ڈی جی ماحولیات گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں پلاسٹک بیگز پر پابندی کے حکم پر عملدرآمد کیلئے علاقائی افسران کو احکامات جاری کریں ۔  

کیس کی مزید سماعت نوستمبرکوہوگی،عدالت نے آئندہ سماعت پر ایل ڈی اے کے ماحولیاتی آلودگی کیخلاف قواعد و ضوابط کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔