Thursday, April 18, 2024

پڑوسی ملک پاکستان کو تنہائی میں دھکیلنا چاہتا ہے ، شاہ محمود قریشی

پڑوسی ملک پاکستان کو تنہائی میں دھکیلنا چاہتا ہے ، شاہ محمود قریشی
November 29, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پڑوسی ملک پاکستان کو تنہائی میں دھکیلنا چاہتا ہے۔ حکومت کے سو روز مکمل ہونے پر کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کل پڑوسی ملک کے عزائم دکھائی دے رہے تھے۔ عمران خان نے کرتار پور کی گگلی پھینک دی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا گزشتہ 5 سال میں ساڑھے 4 سال پاکستان کا مقدمہ پیش کرنے کیلئے وکیل ہی نہ تھا۔ ہمارا پہلا فوکس افغانستان پر تھا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پہلا بیرونی دورہ افغانستان کا کیا۔ امن ہماری ضرورت ہے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ملک میں سرمایہ کاری لانی ہے تو امن درکار ہے۔ وزیراعظم نے پہلی تقریر میں کہا تم قدم بڑھاؤ ہم دو بڑھائیں گے۔ نیویارک میں ملاقات کیلئے سشما جی نہ جانے کیوں شرما گئیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کل عمران خان نے کرتارپور کی گگلی پھینک دی۔ یہ صوفیا کی دھرتی ہے۔ ہمارا پیغام امن کا ہے۔ چین نہ صرف ہمارا ہمسایہ بلکہ ہمارا آزمایہ ہوا دوست ہے۔ دورہ چین میں عمران خان کی چار ٹاپ لیڈرز سے ملاقاتیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا امریکا کے ساتھ تعلقات کو سمجھنا ہو گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا 100دنوں میں 19ایم او یوز وزارت خارجہ سائن کرچکا ہے۔ ہمیں فائیو اسٹار ہوٹلز میں رہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ غلامی رسول پر ہمیں کل بھی فخر تھا اور آج بھی فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کشمیر خارجہ پالیسی کا کالر ٹون رہا ہے ۔ کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتا ہو ہم تمھارے ساتھ ہیں ۔ اس سال ہم پاکستان اور کشمیر کا جھنڈا تھامے لندن میں کشمیر ڈے منائیں گے۔