Friday, April 19, 2024

پچیس سال تک شہر قائد کو خون سے نہلانےوالوں کی رپورٹ منظر عام پر آگئی

پچیس سال تک شہر قائد کو خون سے نہلانےوالوں کی رپورٹ منظر عام پر آگئی
August 31, 2016
کراچی(92نیوز)پچیس سال تک کراچی کی سڑکوں پرکس نے خون کی ہولی کھیلی کس نے کتنے مخالفین  کومارا؟اورکون  کس کے کہنے پر کس ، کس کی جان لیتا رہا ؟ قانون نافذکرنے والے اداروں کی تہلکہ خیز رپورٹ تیار  نائنٹی نیوز نے حاصل کرلی تفصیلات کےمطابق انیس سو نوے سے نومبر دو ہزار پندرہ تک کس نے گولی چلائی ؟ اور کس کے کہنے پر چلائی ؟ تین ہزار چھ سو بیس شہریوں کا ناحق خون کس نے بہایا؟ قانون نافذ کرنے والے اداروں نےمفصل رپورٹ مرتب کرلی ، گولی چلانے اور چلوانے والا کوئی اور نہیں بلکہ وہی سیاسی جماعتیں نکلیں،جنہیں عوام نے ووٹ کی طاقت سےایوان تک پہنچایا۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ قتل وغارت میں ملوث ملزموں سے کی گئی پان سو تراسی سے زائد جےآئی ٹیز اور تفتیش کی مدد سے بنائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پچیس سال میں دو ہزار چار سو پچھتہر افراد کو موت کی نیند سلاکر ایم کیوایم نے دیگر جماعتوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔  قتل وغارت گری میں ایم کیو ایم حقیقی نے بھی حصہ ڈالا ،رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں ایم کیوایم حقیقی نے تینتالیس مخالفین کو قتل کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ کالعدم تنظیموں کے گرفتار دہشت گردوں نے سات سو انیس افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کئے۔ پچیس سال میں عوامی نیشنل پارٹی نےچونتیس جبکہ لیاری گینگ وار،پیپلزپارٹی اور امن کمیٹی کے دہشت گردوں نےتین سو پینتالیس افراد کو موت کے گھاٹ اتارا۔ مسلم لیگ فنکشنل کے گرفتار ملزم نے بھی ایک شخص کے قتل کا اعتراف کیا۔