Sunday, September 8, 2024

'پچھلی ایک دہائی سے ہم اپنی غلطیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں'

'پچھلی ایک دہائی سے ہم اپنی غلطیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں'
January 20, 2016
اسلام آباد (92نیوز) قومی اسمبلی میں سانحہ چارسدہ پر وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ پاک فوج اور پولیس کی بروقت کارروائی سے بڑے نقصان سے بچ گئے ہیں۔ وزیر دفاع نے سانحہ چارسدہ میں 20 افراد کے شہید جبکہ 4 دہشت گردوں کے مارے جانے کی تصدیق کی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس کی معمول کی کارروائی معطل کر کے سانحہ چارسدہ پر بحث کی گئی۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے سانحہ چارسدہ میں 20 افراد کے شہید ہونے کی تصدیق اور 4 دہشت گردوں کے مارے جانے کی تصدیق کی۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے گارڈز نے انتہائی بہادری سے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا اور جان قربان کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 80ءکی دہائی میں سویت یونین کے خلاف کارروائی کا ساتھ دے کر غلطی کی۔ پچھلی ایک دہائی سے ہم اپنی غلطیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، ہم نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے انہیں دہرایا نہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے مذاکرات میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ اگر سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو اس میں بھی پاکستان کا اہم کردار ہوگا۔ وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور پولیس کی بروقت کارروائی سے ہم کسی بڑے نقصان سے بچ گئے ہیں۔ ایسی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ دہشت گردوں کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا ہے۔ ہمیں اپنے معمول کے کام جاری رکھنے چاہئیں۔