Wednesday, April 24, 2024

پچاس لاکھ گھر بنانا پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا معاشی منصوبہ ہے ، اسد عمر

پچاس لاکھ گھر بنانا پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا معاشی منصوبہ ہے ، اسد عمر
April 17, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا پچاس لاکھ گھر بنانا پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا معاشی منصوبہ ہے۔

 نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا منصوبے سے صرف ہاؤسنگ ہی نہیں ،اس سے جڑی 40 صنعتوں میں بھی ترقی ہو گی۔ ایک کروڑ نوکریوں کے منصوبے میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ بڑا حصہ ڈالے گا۔

 اسد عمر نے کہا منصوبے کے لیے کم آمدنی والے افراد کو قرض کے لیے خصوصی رعایت دیں گے۔ کوشش ہے منصوبے کے لیے زیادہ سے زیادہ بینک قرضے دیں۔ ہاؤسنگ منصوبے پر قرض پر ٹیکس آدھا کردیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا  5 ارب کا ریوالونگ فنڈ قائم کر رہے ہیں۔ گزشتہ دس سال کے حکمرانوں پر ترس آتا ہے۔ ان لوگوں کی خواہش ہے کہ کہیں یہ ملک ترقی نہ کر جائے۔ سب سے مشکل کام آغاز ہوتا ہے۔ بنیاد ٹھیک ڈال دی گئی تو عمارت مضبوط کھڑی ہوتی ہے۔

اسد عمر بولے عمران خان نئے پاکستان کی بنیاد ڈال رہے ہیں۔ نئے پاکستان کی بنیاد علامہ اقبال کے خواب اور قائداعظم کے مشن کی تکمیل ہو گی۔ جیسے جیسے وقت گزرے گا نئے پاکستان کی عمارت تعمیر ہوتی نظر آئے گی۔

 وزیر خزانہ نے کہا کم آمدنی والوں کے لیے قرضوں کو آسان بنایا جائے گا۔ ہاؤسنگ منصوبے سے ملازمتوں کے بھی وسیع مواقع میسر آئیں گے۔