Sunday, September 8, 2024

پٹھانکوٹ حملہ : بھارت کے اپنے ملوث.... مضبوط شواہد سامنے آ گئے

پٹھانکوٹ حملہ : بھارت کے اپنے ملوث.... مضبوط شواہد سامنے آ گئے
January 14, 2016
لاہور (92نیوز) بھارتی ایئربیس پٹھانکوٹ پر حملے میں بھارتی فوج اور فضائیہ کے اپنے لوگ بھی ملوث ہونے کے مضبوط شواہد سامنے آگئے جن پر بھارتی سکیورٹی حکام چپ سادھے ہوئے ہیں۔ پٹھانکوٹ حملے کی تحقیقات میں کئی ایسے سوالات ہیں جن کے جواب بھارتی سکیورٹی ایجنسیاں خودسامنے نہیں لانا چاہیں گی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت پٹھانکوٹ ایئربیس پر حملے میں پاکستان کے غیر ریاستی عناصرکے ملوث ہونے کے مبینہ شواہد کا ڈھنڈورا تو پیٹ رہا ہے لیکن اس حملے میں اندرونی ہاتھ کو چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کئی سوال ایسے ہیں جن کا جواب ملنا ضروری ہے۔ پہلاسوال یہ ہے کہ جب پٹھانکوٹ بیس میں آخری دہشت گرد مارے جانے کا دعویٰ کیا گیا تو اس کے بعد پینتالیس دھماکے سنے گئے وہ کس نے کئے۔ یہ دہشت گردوں کے نصب کردہ بم تھے تو اس قدر دھماکہ خیز مواد بیس کے اندرکسی اندرونی ہاتھ کی مدد کے بغیر کیسے پہنچا ؟ کہا جا رہا ہے کہ دہشت گرد گیارہ فٹ بلند دیوار پھلانگ کر ایئربیس میں گھسے۔ دیوار پر نصب تین فلڈ لائٹس کا رخ آسمان کی طرف تھا۔ اس طرح دہشت گردوں کے گھسنے کے لئے ایک خاص حصے کو جان بوجھ کر تاریک رکھا گیا۔ وہ کون تھا جس نے لائٹس کا رخ تبدیل کردیا۔ ذرائع کہتے ہیں کہ ملٹری انجینئرنگ سروسز کے ایک ٹیکنیشن کو حراست میں لیا گیا ہے لیکن گرفتاری کو خفیہ رکھا جا رہا ہے۔ حملہ آوروں نے ایئربیس میں گھسنے سے پہلے گورداسپور کے ایس پی سلوندر سنگھ اور اس کے باورچی کو یرغمال بنایا‘ گاڑی چھین کر فرار ہوئے۔ دونوں کو کوئی گزند نہ پہنچائی لیکن جاتے ہوئے سلوندر سنگھ کے جیولر دوست کا گلا کاٹ گئے جو بعد میں معجزانہ طور پر بچ گیا۔ ان تینوں کا کیا کردار تھا‘ اسے بھی سامنے نہیں لایا جارہا۔