Sunday, September 8, 2024

پٹھان کوٹ واقعہ کے بعد پاکستانی اقدامات پر بھارت مطمئن

پٹھان کوٹ واقعہ کے بعد پاکستانی اقدامات پر بھارت مطمئن
January 14, 2016
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی وزارت خارجہ نے پٹھان کوٹ ایئربیس حملے کے سلسلے میں پاکستان کے کالعدم تنظیم جیش محمد کیخلاف اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم کو نئی دہلی آنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نئی دہلی میں میڈیا بریفنگ کے دوران بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہیں اور مکمل تعاون کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان خارجہ سیکرٹریز سطح کے مذاکرات ملتوی کر دیے گئے ہیں جن کا اعلان عنقریب کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مذاکرات کی تاریخ تبدیل کرنے پر راضی ہوگیا ہے کیوں کہ دونوں ممالک کو مذاکرات پر تیاری کے لیے وقت درکار ہے۔ پاکستان میں کالعدم تنظیم جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کی گرفتاری کے حوالے سے کیے گئے سوال پر وکاس سوارپ نے کہا کہ انھیں اس کا علم نہیں تاہم جیش محمد کے خلاف کارروائی پاکستان کا ایک مثبت قدم ہے۔ خیال رہے کہ بھارت نے مسعود اظہر کو پٹھان کوٹ ایئر بیس حملے کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا تھا۔ گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں پٹھان کوٹ ایئر بیس پر ہونے والے حملے کی تحقیقات کے لیے تحقیقاتی ٹیم بھارت بھیجنے کا عندیہ دیا گیا تھا جبکہ عسکری و سیاسی قیادت کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پٹھان کوٹ ایئربیس حملے کی تحقیقات میں کالعدم تنظیم جیش محمد کے کئی افراد کی گرفتاری کی تصدیق کی گئی۔ دریں اثنا آج ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے کالعدم جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کی گرفتاری کی تصدیق کرنے سے گریز کیا۔