Sunday, September 8, 2024

پٹھان کوٹ واقعہ : پاکستان میں جیش محمد کے دفاتر سیل‘ گرفتاریاں

پٹھان کوٹ واقعہ : پاکستان میں جیش محمد کے دفاتر سیل‘ گرفتاریاں
January 13, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیاسی وعسکری قیادت نے پٹھان کوٹ واقعہ کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم بھارت بھیجنے پر غور کیا۔ معلومات کی روشنی میں گرفتار کیے گئے کالعدم تنظیم کے افراداور تحقیقات سے بھارت کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف‘ ڈی جی آئی ایس آئی‘ ڈی جی ایم او‘ کور کمانڈر لاہور‘ ڈی جی آئی بی‘ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار‘ وزیر داخلہ چودھری نثار‘ سرتاج عزیز‘ طارق فاطمی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں قومی سلامتی‘ دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن اور معلومات کی روشنی میں پٹھان کوٹ واقعہ کی تحقیقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیر اعظم ہاو¿س کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق پٹھان کوٹ واقعہ سے متعلق فراہم کی جانے والی معلومات کی روشنی میں کالعدم تنظیم جیش محمد کے افراد کو گرفتار کیا گیا اور تنظیم کے دفاتر سربمہر کیے گئے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ پٹھان کوٹ واقعہ کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم بھارت بھجوانے اور مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے بھارت سے رابطے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ اپنی سرزمین کسی قسم کی دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کریں گے۔ اس کے لیے تمام اداروں میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ پاکستان خطے میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔