Sunday, September 8, 2024

پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کیلئے پاکستانی ٹیم بھارت پہنچ گئی

پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کیلئے پاکستانی ٹیم بھارت پہنچ گئی
March 27, 2016
لاہور (92نیوز) پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات کے لیے پاکستان کی پانچ رکنی تحقیقاتی ٹیم ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے طاہر کی قیادت میں بھارت پہنچ گئی ہے۔ ٹیم پٹھان کوٹ ایئربیس کا دورہ اور گواہوں کے بیانات قلمبند کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت جانے والی تحقیقاتی ٹیم میں کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے سربراہ رائے طاہر سمیت سی ٹی ڈی گوجرانوالہ کے سربراہ شاہد تنویر، ملٹری انٹیلی جنس کے لیفٹیننٹ کرنل تنویر شاہد، کرنل عرفان مرزا اور محمد اعظم ارشد شامل ہیں۔ خصوصی طیارے کے ذریعے ہندوستان پہنچنے والی ٹیم کے قیام کا بندوبست پاکستانی ہائی کمشنر کریں گے۔ پانچ رکنی ٹیم ایس پی گورداسپور سمیت سترہ گواہوں کے بیانات قلمبند کرے گی۔ تحقیقاتی ٹیم کی پیر کے روز بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے اعلیٰ حکام سے ملاقات ہوگی اور انہیں واقعہ سے متعلق بریفنگ دی جائے گی جبکہ منگل کو پٹھان کوٹ ایئربیس کا دورہ کرایا جائے گا۔ پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملے کے بعد بھارت نے پاکستان پر الزامات عائد کیے تھے جن کی تحقیقات کے لیے گوجرانوالہ میں پٹھان کوٹ واقعے کا مقدمہ درج کرکے پانچ رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔