Sunday, September 8, 2024

پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات، پاکستانی تفتیش کاروں کی ٹیم بھارت روانہ

پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات، پاکستانی تفتیش کاروں کی ٹیم بھارت روانہ
March 27, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) پٹھان کوٹ ایئربیس حملے کی تحقیقات کیلئے پاکستان کی 5 رکنی تفتیش کاروں کی ٹیم خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور ایئرپورٹ سے بھارت روانہ ہو گئی ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کو تحقیقات کیلئے محدود مینڈیٹ دیا گیا ہے۔ پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کرنے والی 5رکنی پاکستانی ٹیم سترہ گواہوں کے بیانات قلمبند کرے گی اور ایس پی گورداسپور کا بیان بھی ریکارڈ کیا جائے گا۔ ٹیم کو حملے کی جگہ تک محدود رسائی دی جائیگی۔ تحقیقاتی ٹیم پٹھان کوٹ ایئربیس پر جائے وقوعہ کا معائنہ کرے گی جبکہ ٹیم کو سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں تک رسائی دی جائے گی نہ ہی تحقیقاتی ٹیم سے اب تک ہونے والی تحقیقات کا تبادلہ کیا جائیگا۔ پاکستانی ٹیم کو دورہ بھارت کے دوران عینی شاہدین تک رسائی بھی مشروط طور پر دی جائے گی جبکہ ٹیم حملے میں استعمال ہونیوالے اسلحے کا معائنہ بھی کرے گی۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ پنجاب کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل آئی جی محمد طاہر رائے ہیں جبکہ دیگر ممبران میں آئی بی لاہور کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عظیم ارشد، آئی ایس آئی کے لیفٹیننٹ کرنل تنویر احمد، ایم آئی کے لیفٹیننٹ کرنل عرفان مرزا اور سی ٹی ڈی گوجرانوالہ شاہد تنویر شامل ہیں۔