Sunday, September 8, 2024

پٹھان کوٹ حملہ کیس : پاکستانی ٹیم کو ’محدود تفتیش‘ کی اجازت

پٹھان کوٹ حملہ کیس : پاکستانی ٹیم کو ’محدود تفتیش‘ کی اجازت
March 26, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کےلئے پاکستانی تفتیش کاروں کی ٹیم کل بھارت جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کی پٹھان کوٹ ایئربیس پر مشکوک حملے کی تفتیش کے لیے پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم کل (اتوار کے روز) نئی دہلی پہنچے گی جہاں پر بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی اس کا استقبال کر کے اسے اب تک کی تفتیش پر بریفنگ دے گی۔ اس کے بعد تفتیش کاروں کو منگل کے روز ائیربیس کا معائنہ کرایا جائے گا۔ بھارتی میڈیاکے مطابق تحقیقاتی ٹیم کو پٹھان کوٹ ائیربیس تک محدود رسائی دی جائے گی اور تفتیش کار صرف عینی شاہدین سے پوچھ گچھ کر سکیں گے جبکہ بھارتی سکیورٹی حکام سے تفتیش کی اجازت نہیں دی گئی۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بھارتی مداخلت کے باوجود پاکستان پرامن ہمسائیگی کے اصولوں پر کاربند رہے گا اور دوطرفہ مذاکرات کے باقاعدہ آغازسے قبل اپریل میں دونوں ممالک کے سیکرٹری خارجہ کی ملاقات کی تجویز موجود ہے۔ ملاقات ہوئی تو پاکستان بھارتی ایجنٹ کی گرفتاری کا معاملہ ایجنڈے میں رکھے گا اور ”را“ کے ایجنٹ سے متعلق ثبوت بھی بھارتی سیکرٹری خارجہ کو دیے جائیں گے۔