Saturday, April 27, 2024

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود عوام کو ریلیف نہ مل سکا

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود عوام کو ریلیف نہ مل سکا
June 2, 2020
کراچی (92 نیوز) حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود عوام کو ریلیف نہ مل سکا، پٹرولیم ڈیلرز اور تاجروں نے حکومت کو ذمہ دار قرار دے دیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام ریلیف سے محروم ہے، ملک بھرمیں پٹرول کی قلت ہوگئی، کئی علاقوں میں شہری پٹرول کےلیے سرگرداں ہے، حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کردیا، پٹرولیم تنظیموں اور گڈز ٹرانسپورٹرز نے پٹرولیم مصنوعات کی نایابی کی ذمہ داری حکومت پر ڈال دی۔ چیئرمین پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان کا کہنا تھا کہ پٹرول اور ڈیزل کی ترسیل کا کوئی نظام نہیں، کھپت کے مقابلے میں نصف مقدار میں پٹرول اور ڈیزل دیا جا رہا ہے۔ صدر کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے حکومت سے اپنی رٹ قائم کرنے کامطالبہ کردیا کہا کہ سندھ میں پٹرول کی قلت ہو تو کرائے بڑھا دیئے جاتے ہیں، قیمتیں کم ہوں تو پٹرول دستیاب نہیں ہوتا، پٹرول پمپ مالکان بھی سپلائی روک دیتے ہیں۔ صدر گڈز ٹرانسپورٹر امداد حسین نقوی نے پٹرولیم مصنوعات کی قلت کو حکومت کی نااہلی قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا، کہ حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ کم ہونے کا کہتے رہے، تاہم وزارت پٹرولیم کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل وافر مقدار میں ہونے کا کہا گیا، صحیح صورتحال اب سامنے آئے گی، بروقت درآمد نہ ہونے سے قلت ہوئی۔ شہریوں کا مطالبہ ہے حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچاتے ہوئے پٹرول کی رسد اور کھپت میں توازن پیدا کرے۔