Friday, April 19, 2024

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکمشت اضافے سے عوام پریشان، ماہرین حیران

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکمشت اضافے سے عوام پریشان، ماہرین حیران
June 27, 2020
لاہور (92 نیوز) حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرادیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں راتوں رات ریکارڈ اضافہ ہوگیا، پٹرول مہنگا ہوتے ہی بحران بھی ختم ہوگیا۔ 26 روز سے جاری قلت پل بھرمیں ختم ہوگئی، اب تمام پمپس پر بآسانی دستیاب ہے، یکمشت اضافے سے عوام پریشان ہے، جب کہ ماہرین حیران ہیں۔ پٹرول سستا تھا تو نایاب تھا،،مہنگا ہوا تو عام ہوگیا،،لمبی لمبی لائنیں ختم،،اب ملک بھرمیں پٹرول پمپس پر پٹرول  وافر مقدار میں دستیاب،،جتنا چاہیں گاڑی میں ڈلوا لیں۔ حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں ہوشربا اضافے نے عوام کو چکرا کر رکھ دیا، مہنگائی کی چکی میں پسی عوام پہلے ہی حکومت سے خفا تھی،،چینی اور آٹا بحران  بھی ان کو پریشان کیے تھا، ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکمشت ہوشربا اضافے کی صورت میں نئی آفت نے ان کے اوسان خطا کردیئے ہیں، حکومتی فیصلے پر معاشی ماہرین اور تاجر بھی حیران نظر آتے ہیں۔ ماہر معاشیات حفیظ پاشا کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں 12 روپے مہنگا ہوا، 25 روپے فی لٹر اضافہ عوام کے ساتھ ظلم ہے۔ تاجر رہنماء سراج قاسم تیلی نے بھی پٹرولیم مصنوعات میں ریکارڈ اضافے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا، کہا کہ پٹرول کی قیمت میں اچانک 25 روپے فی لٹر اضافہ شاکنگ ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتنے بڑے اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں مزید بڑھ جائیں گی۔