Thursday, April 25, 2024

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری وزارت خزانہ کو ارسال

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری وزارت خزانہ کو ارسال
May 29, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری وزارت خزانہ کو ارسال کردی گئی۔ پٹرول کے نرخ میں 7روپے 6پیسے فی لٹر کمی کی سفارش کی گئی ہے۔ مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے عوام کیلئے خوشخبری آگئی۔ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قمیتوں میں مزید کمی کا فیصلہ کر لیا۔ اوگرا نے سمری وزارت خزانہ کو ارسال کر دی۔ یکم جون سے پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 6 پیسے،مٹی کے تیل کی قیمت میں 11 روپے 88 پیسے،لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 9 روپے 37 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں صرف 5 پیسے فی لیٹر کمی کی سفارش کر دی۔ قیمتوں کا حتمی فیصلہ 31 مئی کو وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی۔ دوسری جانب اوگرا نے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کا بھی ڈیٹا مانگ لیا۔ اوگرا نے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مراسلہ جاری کر دیا۔ریٹل آوٹ لیٹس، ریفائنریز کا معائنہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جس کا مقصد موجودہ اسٹاک بارے پتہ لگانا ہے۔ اوگرا نے تین جون تک موجودہ اسٹاک بارے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ حکومت نے مئی کیلئے تیل کی قیمتوں میں 15 سے 30 روپے کمی کی تھی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 27 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی جس کے بعد اس کی نئی قیمت 80 روپے 20 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر کمی کی گئی، جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 47 روپے 45 پیسے ہوگئی تھی۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی کی گئی۔ پیٹرول کی نئی قیمت 81 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہوئی تھی۔ ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ پاکستان بہت زیادہ تیل درآمد کرنے والے ممالک میں شامل ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہونے کا ملک کو فائدہ ہو گا۔