Friday, April 26, 2024

پٹرولیم مصنوعات 10 روپے فی لٹر تک سستی ہونے کا امکان

پٹرولیم مصنوعات 10 روپے فی لٹر تک سستی ہونے کا امکان
May 27, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) حکومت نے پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کرلیا۔ یکم جون سے پٹرول کی قیمت میں پانچ سے دس روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے کمی کی جاسکتی ہے۔ مہنگائی کے چکی میں پسے ہوئے عوام کیلئے خوشخبری ہے، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قمیتوں میں مزید کمی کا فیصلہ کرلیا۔ آئندہ ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید 10 روپے فی لیٹر تک سستی ہوسکتی ہیں۔ پٹرول کی قیمت میں پانچ سے دس روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے تک کمی کا امکان ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیلئے اوگرا کی جانب سے تجاویز کے ساتھ سمری وزارت خزانہ کو ارسال کی جاتی ہے۔ جبکہ قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم کرتے ہیں۔ کورونا کے باعث ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ حکومت نے مئی کیلئے تیل کی قیمتوں میں 15 سے 30 روپے کمی کی تھی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 27 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی جس کے بعد اس کی نئی قیمت 80 روپے 20 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر کمی کی گئی، جس کے بعد تیل مٹی کی نئی قیمت 47 روپے 45 پیسے ہوگئی تھی۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی کی گئی۔ پٹرول کی نئی قیمت 81 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہوئی تھی۔ ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ پاکستان بہت زیادہ تیل درآمد کرنے والے ممالک میں شامل ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہونے ملک کو فائدہ ہوگا۔