Thursday, April 25, 2024

پٹرولیم بحران کی تحقیقات کیلئے ایک اور اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل

پٹرولیم بحران کی تحقیقات کیلئے ایک اور اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل
June 30, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) پٹرولیم بحران کی تحقیقات کیلئے وزیر اعظم عمران خان نے انکوائری اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے ایک اور اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد قاسم کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔ کمیٹی ممبران میں سابق ڈی جی  آئل  راشد  فاروق، سی ای او  پٹرولیم انسٹیٹیوٹ آف پاکستان عاصم مرتضی اور سابق جی ایم پی ایس او ناظر عباس زیدی شامل ہیں ۔ اعلی سطح کمیٹی ملک بھر میں پٹرول ذخیرہ  کرنے والی آئل مارکیٹنگ  کمپنیز  اور ڈپو  کی نشاندہی کرے گی ۔ پٹرول پمپوں پر پٹرول  کی ذخیرہ اندوزی کا  بھی جائزہ  لیا جائے گا ۔ کمیٹی پٹرولیم ڈویژن اور اوگرا کے کردار اور کسی نجی کمپنی کو فائدہ پہنچانے کا بھی جائزہ  لے گی۔ کمیٹی  حالیہ پٹرول  بحران کے ذمہ  داران کا تعین  اور ملوث افراد و اداروں  کے خلاف کاروائی کی سفارش کرے گی۔ کمیٹی 10 جولائی تک اپنی  رپورٹ    وزیر اعظم  کو پیش کرنے جبکہ پٹرولیم ڈویژن   کمیٹی کو سیکرٹریٹ معاونت  فراہم کرنے  کا پابند  ہو  گا ۔ واضح رہے کہ  پٹرول بحران پر   انکوائری  کمیٹی نے  آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو  پٹرول بحران کا ذمہ دار قرار دیا تھا ۔ اوگرا نے مختلف  آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو  جرمانہ کیا تھا ۔ تاہم اب  وزیر اعظم نے معاملہ کی انکوائری کے لیے نئی اعلی سطح  کمیٹی  تشکیل دے دی ہے ۔