Friday, April 26, 2024

پٹرول کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے اضافہ کر دیا گیا

پٹرول کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے اضافہ کر دیا گیا
July 1, 2018
اسلام آباد (92 نیوز)نگران حکومت نے دوسری بار عوام پر پٹرول بم گرا دیا ۔ پٹرول کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے اضافہ کر دیا گیا ، نئی قیمتوں کا اطلاق کر دیا گیا ۔ رات گئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا گیا ۔ وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیڑول کی نئی قیمت سات روپے 53 پیسے کے اضافے کے ساتھ 99.50 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے ۔ ڈیزل کی قیمتوں میں 14 روپے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 119 روپے 31 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے ۔ مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت بھی 87.70روپے مقرر کردی گئی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت80 روپے 91 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے ۔ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مشکل مالی حالات کے سبب کیا گیا ہے ۔ ادھر پٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی مشکلات مزید بڑھا دیں ۔ شہری کہتے ہیں کوئی بھی حکومت آئے عوام کیلئے ریلیف کا کوئی نہیں سوچتا ۔شہری کہتے ہیں آئے روز ہونے والے پٹرول کی قیمت میں اضافے نے ان کی زندگی کو عذاب بنا کر رکھ دیا ہے۔ نگران حکومت کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے پر عوام شہر میں مہنگائی کا رونا روتے دکھائی دیتے ہیں لیکن ادھر حکومت بھی مالی بحران کا کہہ کر اپنی مجبوری ظاہر کر رہی ہے۔