Tuesday, April 23, 2024

پٹرول مافیا کو بے نقاب کرنے پر 92 نیوز کے نمائندے رفیق مغل پر پمپ مالکان کا تشدد

پٹرول مافیا کو بے نقاب کرنے پر 92 نیوز کے نمائندے رفیق مغل پر پمپ مالکان کا تشدد
June 22, 2020
 گوجرانوالہ (92 نیوز) پٹرول مافیا کو بے نقاب کرنے پر گوجرانوالہ میں 92نیوز کے نمائندے رفیق مغل پر پمپ مالکان نے تشدد کیا۔ 92 نیوز نے پٹرول بلیک میں فروخت کرنے کا پردہ چاک کیا تھا۔ ملک بھر میں پٹرول مافیا کو بے نقاب کرنے کےخلاف نائنٹی ٹو نیوز پر خصوصی کوریج کا سلسلہ جاری ہے ۔ پٹرول مافیا کو بے نقاب کرنے پر گوجرانوالہ میں پمپ مالکان نے نائنٹی ٹو نیوز کی ٹیم پر حملہ کر دیا۔ نائنٹی ٹو نیوز کے نمائندے رفیق مغل نے گزشتہ روز ٹیم کے ہمراہ گوجرانوالہ میں حافظ آباد روڈ پر واقع حیسکول کمپنی کے پٹرول پمپ پر جاری تیل کی بلیک میں فروخت کا پردہ چاک کیا ۔ نائنٹی ٹو نیوز پر خبر نشر ہوئی تو ڈی سی او گوجرانوالہ نے نوٹس لے کر متعلقہ پٹرول پمپ کو سیل کرنے کا حکم دے دیا اور تحصیل دار کی سربراہی میں سرکاری ٹیم نے آج موقع پر پہنچ کر پٹرول پمپ سیل کر دیا۔ پٹرول پمپ سیل ہونے پر مشتعل پمپ مالک احتشام شیخ نے گارڈ کے ہمراہ  کوریج کیلئے وہاں موجود نائنٹی ٹو نیوز کی ٹیم پر حملہ کر دیا۔ سفید کپٹروں میں ملبوس احتشام شیخ نامی یہ شخص اس پمپ کا مالک ہے۔ جہاں عام شہری کو تو پٹرول نہیں  مل رہا لیکن بلیک میں فروخت کر کے مال  ضرور بنایا جا رہا ہے ۔ فوٹیج میں آپ احتشام شیخ کے مسلح گارڈ کو بھی دیکھ سکتے ہیں جنہوں نے نائنٹی ٹو نیوز  کی ٹیم پر حملہ کر کے نمائندے رفیق مغل  کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ صحافی تنظیموں نے نائنٹی ٹو نیوز کی ٹیم پر حملے کی مذمت کی ہے ۔ صدر پی ایف یو جے جی ایم جمالی نے کہا یہ صحافت پر حملہ ہے۔ پٹرول مافیا ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے صحافیوں کو فرائض کی انجام دہی سے نہیں روک سکتا۔ جنرل سیکرٹری پی ایف یو جے رانا عظیم نے کہا نائنٹی ٹو نیوز کی پٹرول مافیا کے خلاف کوریج قابل تحسین ہے۔ صحافی برادری نائنٹی ٹو نیوز کے اس دلیرانہ اقدام کے ساتھ کھڑی ہے ۔ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے احتجاج کا اعلان کیا۔ پنجاب یونین آف جرنلسٹ کے صدر شہزاد حسین بٹ نے نائنٹی ٹو نیوز کی ٹیم پر ہونیوالے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ فوری طور پر بااثر ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کہٹرے میں لائے۔