Thursday, April 18, 2024

پٹرول سینچری کے قریب ، 98.88روپے فی لٹربکنے لگا

پٹرول سینچری کے قریب ، 98.88روپے فی لٹربکنے لگا
April 1, 2019

اسلام آباد ( 92 نیوز) پٹرول اور ڈیزل نے چھکا لگا کر مہنگائی کی چکی میں پستے عوام کو چاروں شانے چت کر دیا۔  پٹرول سینچری کے قریب پہنچ گیا ، فی لٹر 98 روپے 88 پیسے میں بکنے لگا، ہائی اسپیڈ ڈیزل117روپے 43پیسےفی لٹرہوگیا۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مٹی کےتیل کے نرخ 89 روپے 31 پیسے لٹر، لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت80روپے 53پیسے فی لٹر ہوگئی۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کے بعد مہنگائی کا نیا طوفان  آنے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب اپوزیشن جماعتو ں نے حکومتی فیصلے کو مسترد کردیا ہے جبکہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخ بڑھنے پر شہریوں کا شدید غم وغصے کا اظہار کیا ۔

شہریوں نے حکومتی اقدام پر سخت تنقیدکرتے ہوئے کہا پہلے ہی مہنگائی  اتنی زیادہ ہے کہ دو وقت کی روٹی پوری کرنا مشکل ہوچکا ہے،غریب آدمی کا جینا مشکل ہوجائے گا۔

شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کا فیصلہ کسی صورت  قبول نہیں،،واپس لیا جائے ، سابقہ دورمیں اپوزیشن میں  رہتے ہوئےمہنگائی کا رونا رونے والوں نے  حکومت میں آتے ہی ریکارڈ اضافہ کردیا۔

ادھرپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔