Wednesday, April 24, 2024

پٹرول درآمد کیا جاتا ہے ، قیمتیں عالمی مارکیٹ سے منسلک ہیں ، فواد چودھری ‏

پٹرول درآمد کیا جاتا ہے ، قیمتیں عالمی مارکیٹ سے منسلک ہیں ، فواد چودھری ‏
April 1, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپوزیشن نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا تو حکومت نے دفاع پیش کردیا، وزیر اطلاعات فواد چودھری  نے کہا کہ  پٹرول درآمد کیا جاتا ہے اور قیمتیں عالمی مارکیٹ سے منسلک ہیں، ساتھ ہی پیپلزپارٹی کے خلاف درج مقدمات کا ذمہ دار ن لیگ کو قرار دے دیا۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپوزیشن نے احتجاج کیا اور  اضافہ  واپس لینے کا مطالبہ کردیا ، قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ٹوئٹ کیا  اور کہا کہ مہنگائی کے سونامی نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ۔

پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے بیان دیا کہ پٹرولیم مصنوعات کے ساتھ ساتھ دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے حکومت کے معاشی ترقی کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی۔

انہوں نے  حکومت کو وارننگ دی کہ عوام سے جینے کا حق نہ چھینے اور اپنی ناکام گورننس کا بدلہ عوام سے نہ لے۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے قیمتوں میں اضافے کا دفاع پیش کیا اور کہا کہ  پٹرول درآمد کیا جاتا ہے اور قیمتیں عالمی مارکیٹ سے منسلک ہیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ  نواز شریف کے دور میں پٹرول کی عالمی مارکیٹ میں قیمتیں انتہائی کم تھیں ،حالیہ دنوں میں پٹرول کی عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھی ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری کیخلاف بنائے گئے مقدمات ہمارے دورکے نہیں  ، جعلی اکاؤنٹس سے متعلق مقدمات 16-2015میں بنائے گئے، مسلم لیگ ن نے ان کیسز کی بہت اچھے طریقے سے تحقیقات کیں،

توقع ہے کہ ن لیگ ان کیسز کے حوالے سے نیب سے تعاون کریگی ۔

وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پرگرام کا نام تبدیل کرنے کا ارادہ نہیں بلکہ  غربت کے خاتمے کیلئے ’’احساس ‘‘کے نام پر نیا پروگرام شروع کیا ہے۔